سکھر،11جنوری ( اے پی پی ): پاکستان کی ترقی میں تاجر برادری ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ہم نے ہمیشہ تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آواز بلند کی ہے، تاجر ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ، حکومت تاجروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرئے۔ ان خیالات کا اظہار سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن نے ہول سیل گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد دینے کے موقع پر کیا۔
حاجی محمد جاوید میمن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت تاجروں کو ریلیف فراہم کرئے، حکومت کو چاہیئے کہ تاجروں کے مسائل کو اولین ترجیحی دیں، ٹیکسز اور دیگر چیزوں میں تاجروں کو ریلیف دیا جائے۔ سکھرکے تمام تاجروں کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ نومنتخب عہدیدران سے امید کرتے ہیں کہ وہ اپنے ممبران کے مسائل کے حل کیلئے احسن انداز میں کام کرینگے۔
اس موقع پر سکھر اسمال ٹریڈرز کے عہدیداران حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالقادر شیوانی،عبدالباری انصاری و دیگر موجود تھے۔ ہول سیل گرین مرچنٹس ایسوسی ایشن کے نومنتخب عہدیداران صدر، سینئر نائب صدر، نائب صدر، جنرل سیکریٹری ، جوائنٹ سیکریٹری ، پریس سکریٹری نے محمد جاوید میمن کو پھولوں کے ہار پہناکر مٹھائی کھلائی۔











