شہر میں صفائی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے شہریوں کا  کمپنی انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار،ویڈیو پیغامات،ٹوئٹر کے ذریعے کمپنی انتظامیہ کی تعریف

25

ملتان،25جنوری(اے پی پی):شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام میں بہتری کے حوالے سے شہریوں نے  کمپنی انتظامیہ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ویڈیو پیغامات،ٹوئٹر اور دیگر سوشل میڈیا کے ذریعے کمپنی انتظامیہ کی تعریف کی ہے۔

ایک شہری نے ویڈیو پیغام کے ذریعے بتایا کہ پہلے صفائی کے لئے ورکرز کبھی کبھار آتے تھے جبکہ اب باقاعدگی سے صفائی ہوتی ہے۔ ایک اور شہری نے صفائی کی بہتری کا کریڈٹ کمپنی کے نئے سی ای او کو دیتے ہوئے کہا کہ محمد فاروق ڈوگر کے آنے سے صفائی کا نظام بہتر ہوا ہے۔اسی طرح رہائشی کالونی میں صفائی  ہونے پر ایک شہری نے ڈپٹی کمشنر عامرکریم خان کے لئے  بنڈل آف تھیکس کا ٹوئیٹ کیا ہے۔

شہریوں کی کمپنی کی  تعریف و توصیف بارے رائے پر سی ای او  محمد فاروق ڈوگر نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ  افرادی قوت وہی ہے لیکن  مانیٹرنگ کا عمل سخت کردیا گیا ہے اور تمام ورکرز کی فیلڈ میں حاضری کو یقینی بنایا گیا ہے۔سی ای او نے بتایا کہ وہ علی الصبح شہر کا وزٹ کرتے ہیں اور  بہترین کام کرنیوالے ورکرز کا حوصلہ بڑھاتے ہیں۔اس کے علاوہ فیلڈ وزٹ کے دوران وہ چھابڑی فروش، دکاندار اور شہریوں کی صفائی بارے رائے حاصل کرتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہر میں قائم  چھ عارضی ویسٹ کلکشن پوائنٹس میں روزانہ زیرو ویسٹ کا ٹارگٹ دے رکھا ہے اور کہا  کہ شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی کافی گنجائش موجود ہے،شہر کے ہر ایریا میں روزانہ زیرو ویسٹ کے لئے اور صفائی کے نظام کو مثالی بنانے کے لئے نئی مشینری اور ہیومن ریسورس کی ضرورت ہے۔