اٹک،6 جنوری (اے پی پی): رکن قومی اسمبلی اور چیئرمین ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مساٸل میجر(ر) طاہر صادق نے کہا ہے کہ عوامی خدمات اور مسائل کے حل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلعی رابطہ کمیٹی برائے عوامی مساٸل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔رکن قومی اسمبلی میجر (ر) طاہر صادق نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور ان کے مسائل ان کے گھروں کی دہلیز پر حل کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ عوامی مساٸل کے سلسلے میں عوام انہیں براہ راست درخواست دے سکتے ہیں جس کو اس فورم پر زیر بحث لا کر مناسب حل نکالا جاۓ گا۔
اجلاس میں گوندل اور دومیل کی مویشی منڈیوں کے مسائل، نقشہ جات کی منظوری ،تجاوازات ،نیو ہٹیاں روڈ پر انٹری گیٹ، گورنمنٹ بوائز کالج حسن ابدال میں بجلی کی فراہمی ، سپورٹس سٹیڈیم حسن ابدال و حضرو ، پٹواریوں کی بھرتی ، ضلع میں بنیادی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن ، کالج میں اساتذہ کی بھرتی ، سڑکوں کی بحالی و مرمت سمیت کئی عوامی موضوعات زیر بحث لائے گئے۔
حضرو میں تجاوزات کے حوالے سے پی ٹی آئی کے ضلعی رہنما قاضی احمد اکبر خان ، ملک اعجاز ، چنگیز خان، عمران خان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔ یہ کمیٹی اس حوالے سے اور دیگر مسائل کے سلسلے میں سفارشات مرتب کرے گی۔ انتظامیہ کمیٹی کے معاون کے طور پر موجود ہوگی۔
اجلاس میں کرپٹ رجسٹری محرروں اور پٹواریوں کے خلاف کاروائی کے حوالے سے بھی بحث کی گئی اور ان کے خلاف سخت ترین قانونی کارواٸی پر اتفاق کیا گیا۔فتح جنگ میں واٹر سپلائی کو مکمل طور پر فعال کرنے کے حوالے سے متعلقہ افسران نے بریفنگ دی۔
ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود نے ضلع میں امن وامان کے حوالے سے بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا ضلع میں امن وامان کی مجموعی صورتحال تسلی بخش ہے اور عوام کو اس ضمن میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی ملک جمشید الطاف، چیئرمین وزیراعلی شکایات سیل راولپنڈی ڈویژن اکبر خان تنولی، وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کے نمائندے ملک اعجاز ، صوبائی وزیر سماجی بہبود و بیت المال سید یاور عباس بخاری کے نمائندے چوہدری عابد جٹ، پی ٹی آئی کے رہنمااور ٹکٹ ہولڈر قاضی احمد اکبر خان کے نمائندے عمران خان ، ڈپٹی کمشنر اٹک عمران حامد شیخ، ڈی پی او اٹک رانا شعیب محمود ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مرضیہ سلیم اور ضلعی محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔











