لاہور، 23جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ لاہورسمیت پنجاب کے ہر شہر کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں، پہلی دفعہ عوام کی ضرورت اورسہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور کے ترقیاتی منصوبے تشکیل دیئے جا رہے ہیں چنانچہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے سلسلے میں عوامی نمائندوں کی مشاورت کو ترجیح دی جاتی ہے، عوام تک ترقی کے ثمرات پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پی ٹی آئی کے رہنما اور ٹکٹ ہولڈر ابرارالحق اورمیجر (ر)اسرار الحق سے ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں نارووال اورلاہورکے ترقیاتی منصوبوں سمیت لاہور ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے اور شاہدرہ موڑملٹی لیول گریڈ سیپریشن کے پراجیکٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے بننے سے شہر کی دوسری سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہوگا،ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا لاہور کے شہریوں کیلئے تحفہ ہے۔لاہور کے داخلی اورخارجی راستوں پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے پر توجہ دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شاہدرہ موڑ ملٹی لیول گریڈ سیپریشن فلائی اوور منصوبے سے جی ٹی روڈ کی ٹریفک کو ریلیف ملے گا،شاہدرہ موڑ ملٹی لیول فلائی اوور منصوبے کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔شاہدرہ موڑ فلائی اوور سے روزانہ تقریبا 3 لاکھ گاڑی مالکان مستفید ہوں گے جبکہ رنگ روڈ، کوٹ عبدالمالک، شیخو پورہ، گوجرانوالہ جی ٹی روڈ اور ملحقہ علاقوں کی ٹریفک کے بہاؤ میں بھی روانی آئے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ فرسٹ لیول فلائی اوور پر جی ٹی روڈ کیلئے 3، 3 لین روڈ بنائی جائیں گی سیکنڈ لیول فلائی اوور پر کوٹ عبدالمالک سے نیازی چوک تک 2 لین کیرج وے بنائیں گئے ۔
اس موقع پر ابرار الحق نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا یکساں ترقی کا ویژن قابل تحسین اقدام ہے۔ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے ترقی ہر شہر اورگاؤں تک پہنچ رہی ہے لاہورکی ترقی کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
سورس : وی این ایس، لاہور











