مری اور گردونواح  میں برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ، اب تک دوفٹ سے زیادہ برف پڑ چکی

26

مری،23جنوری(اے پی پی): مری اور گردونواح  میں برف باری کا سلسلہ بدستور جاری ہے اب تک دوفٹ سے زیادہ برف پڑ چکی ہے، برف باری سے سردی کی  شدت میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، برف باری کا سلسلہ گزشتہ روز درمیانی شب شروع ہوا جو تیزی کے ساتھ تاحال جاری ہے۔

سانحہ مری کے بعد دوسرے سپل کے لئے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے حکومتی ہدایات پر ضلعی ومقامی انتظامیہ نے سخت انتظامات کر رکھے ہیں۔ گزشتہ روز چیف سیکر ٹری پنجاب کمشنر و ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے بھی مری میں انتظامات کا جائزہ لیا  اور تمام محکموں کے سربراہان کو تنبیہ کی کہ برف باری کے دوران اپنے پوری تندہی سے ڈیوٹی سر انجام دیں انکی ہدایات کی روشنی میں ہائی وے کی مشینری اور ٹریفک پولیس کو الرٹ ہے جبکہ سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے مشینری زیادہ تر سڑکوں پر مصروف نظر آرہی ہے جبکہ سڑکوں سے برف کو پگھلانے کے لئے نمک کا جھڑکاؤ بھی کیا جارہاہے  تاہم پھسلن کے باعث بعض مقامات پر ٹریفک کا نظام متاثر رہا۔

ہفتہ کو مری میں  سیاحوں کی 1130گاڑیاں داخل ہوئیں جن میں سے ساڑھے پانچ سو واپس چلی گئیں،  ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری ایس او پیز کے تحت شام پانچ بجے سترہ میل دونوں ٹول پلازہ سے سیاحوں کا داخلہ بند کر دیا گیا تھا اور حکومت پنجاب کی ہدایت پر ایس او پیز کے تحت ہی سیاحوں کو مری آنے کی اجازت دی گئی۔

سورس: وی این ایس، مری