فوجداری نظام اصلاحات قانون کی حکمرانی کی جانب بڑا قدم ہے، عدلیہ اور وکلاء برادری فوجداری قوانین اور نظام انصاف میں اصلاحات پر عمل درآمد کرائیں؛ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین

7

اسلام آباد،27جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فوجداری نظام اصلاحات قانون کی حکمرانی کی جانب بڑا قدم ہے، عدلیہ اور وکلاء برادری فوجداری قوانین اور نظام انصاف میں اصلاحات پر عمل درآمد کرائیں، بار ایسوسی ایشنوں کے لئے فنڈز کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔

 یہ بات انہوں نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی، ڈسٹرکٹ بار جہلم، ہائی کورٹ بار ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ بار مانسہرہ اور تحصیل بار حویلیاں کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت وکلاء برادری کے مسائل سے آگاہ ہے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلاء کو چیمبرز کی تعمیر کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت سستے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنوں میں بڑی تعداد میں نوجوانوں کو دیکھ کر خوشی ہوئی۔

ڈسٹرکٹ بار جہلم سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہلم کو موٹر وے سے ملایا جا رہا ہے، گزشتہ تین سالوں میں جہلم کے لئے ایک کھرب روپے کے ترقیاتی منصوبے منظور کروائے۔ انہوں نے کہا کہ 44 ارب روپے کی لاگت سے جلال پور کینال پراجیکٹ پر کام جاری ہے، للہ تا جہلم دو رویہ سڑک کے منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا ہے، سنگھوئی سے مصری موڑ اور للہ سے پنڈ دادنخان تک سڑک اس سال جون میں مکمل ہو جائے گی۔

 چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اس سڑک پر 55 سال بعد کام شروع ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مانسہرہ، ایبٹ آباد اور حویلیاں میں وکلاء برادری کے لئے سہولیات مہیاء کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنوں کو فنڈز  کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا۔

بار ایسوسی ایشنوں کے وفود میں ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی کے صدر ارشد مجید ملک اور سیکریٹری ملک مبشر، ڈسٹرکٹ بار جہلم کے صدر چوہدری عبدالطیف، جنرل سیکریٹری سید جرار حیدر شاہ اور ایگزیکٹو ممبران چوہدری یعقوب، چوہدری ضیاء الملک، حافظ عبدالسمیع کھوکھر، چوہدری کاشف اسلام، ناصر زمان راجہ ایڈووکیٹ، میاں عبید الرحمان، محمد انعام الحق، پاکستان بار کونسل کے سابق وائس چیئرمین چوہدری محمد حسین، ہائی کورٹ بار ایبٹ آباد کے صدر حاجی صابر حسین تنولی اور جنرل سیکریٹری سید بابر علی شاہ،  ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد کے صدر عبدالستار خان اور جنرل سیکریٹری سردار سمیع الرحمان، ڈسٹرکٹ بار مانسہرہ کے صدر بلال خان اور جنرل سیکریٹری اظہر ظہور تنولی، تحصیل بار حویلیاں کے صدر رئیس خان، جنرل سیکریٹری گل ظہیر خان اور نائب صدر سعید خان شامل تھے۔ بار ایسوسی ایشنوں کے ارکان نے وقت فراہم کرنے پر وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کا شکریہ بھی ادا کیا۔