فیصل آباد۔4جنوری (اے پی پی):ایف بی آر کے زیر اہتمام شہریوں کو شاپنگ کے وقت پکی رسید کے حصول اور اس کی تصدیق پر انعامات جیتنے کے حوالے سے شعور و آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔منگل کی دوپہر میکڈونلڈ ستیانہ روڈ فیصل آباد سے شروع ہونے والی ریلی کی قیادت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و اقتصادی امور کے چیئر مین و ممبر قومی اسمبلی چوہدری فیض اللہ کموکا،پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر مشتاق احمد،کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر فیصل آباد سید محمود حسین جعفری اور انجمن تاجران سٹی فیصل آباد کے صدر و ممتاز صنعتکار خواجہ شاہد رزاق نے کی جبکہ ریلی میں فیصل آباد شہر کی تمام تاجر تنظیموں کے نمائندگان،صنعتکاروں،سپر سٹور ز کے مالکان،صدر چیمبر آف کامرس فیصل آباد عاطف منیر شیخ، پاکستان ہوزری مینو فیکچرنگ اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، پاور لومز اونرز ایسوسی ایشن، انجمن تاجران سٹی فیصل آباد زرعی یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے حکام،مختلف پرائیویٹ سیکٹرز کے نمائندگان اور سول سوسائٹی کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے افراد نے کثیر تعدادمیں شرکت کی۔ریلی ستیانہ روڈ، ڈی گراؤنڈ سمیت مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی کوہ نور پلازہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر کمشنر ان لینڈ ریونیو ایف بی آر فیصل آباد سید محمود حسین جعفری نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کا مقصد شہریوں میں ٹیکس کی ادائیگی اور اس حوالے سے رسیدات کے حصول کے بار ے میں شعور و آگاہی پیدا کرنا ہے۔انہوں نے کہاکہ شہری جب بھی کبھی شاپنگ کرنے کیلئے شاپنگ مالز جائیں تو اپنی قومی ذمہ داری نبھاتے ہوئے ایف بی آر،پی او ایس پی رجسٹرڈ ریٹیلرز سے اس کی پکی رسید/انوائس ضرور حاصل کریں اور ہر ماہ کی 15تاریخ کو ہونے والی قرعہ اندازی کے ذریعے کروڑوں روپے کے ہزاروں انعامات جیتیں۔انہوں نے کہاکہ پکی رسید حاصل اور اس کی تصدیق کے بعد شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے شہریوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے جس کا پہلا انعام 10لاکھ روپے،دوسرا انعام 5لاکھ روپے کے 2انعامات،تیسرا انعام اڑھائی لاکھ روپے کے4انعامات، چوتھا انعام 50ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات ہوں گے۔انہوں نے انعامی سکیم میں شامل ہونے کا طریقہ کار بیان کرتے ہوئے کہاکہ شہری آسان ٹیکس ایپ موبائل کے ذریعے ایف بی آر پی او ایس مینیو میں جائیں اورانوائس ویری فائی کے آپشن پر کلک کریں۔ انہوں نے کہاکہ اس کے بعد ایف بی آر انوائس نمبر درج کریں یا کیو آر کوڈ کو سکین کر کے رسید کی تصدیق کر تے ہوئے 9966پر ایس ایم ایس کے ذریعے میسیج میں ٹائپ کریں۔ انہوں نے کہاکہ میسیج ٹائپ کے درج ذیل طریقے کے تحت شہری اپنا پیغامINV(SPACE)FBRI NVOICE NUMBER اور 9966پر ایس ایم ایس بھیجیں۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ رسید کی تصدیق کا عمل مکمل ہونے میں 48گھنٹے تک کا وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ رجسٹرڈ ریٹیلر زکی فہرست ایف بی آر کی ویب سائٹ www.fbr.gov.pk اور ٹیکس آسان موبائل ایپ پر دستیاب ہے۔ انہوں نے بتایاکہ کمپیوٹرائز قرعہ اندازی ہر مہینے کی 15تاریخ کو ہو گی جبکہ مہینے کی آخری تاریخ تک تصدیق کی گئی رسیدیں قرعہ اندازی میں شامل ہوں گی۔











