قومی سماجی سروے کا احساس پروگرام میں کلیدی کردار ہے، ڈاکٹرثانیہ نشتر

34

اسلام آباد۔6جنوری  (اے پی پی):احساس نے کامیابی کے ساتھ ملک گیر قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری سروے مکمل کرلیاہے جس میں جغرافیائی اعداد و شمار، آبادیاتی، سماجی و اقتصادی حیثیت، تعلیم، صحت، معذوری، روزگار، توانائی کی کھپت اور اثاثہ جات کے حوالے سے گھرانوں کی معلومات شامل ہیں۔ اس سنگ میل کی کامیابی کا جشن منانے کے لیے، احساس پروگرام کے تحت اسلام آباد میں ایک افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کی۔اس تقریب میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن ، یو این آر سی کےریزیڈینٹ کوآرڈینیٹر جولین ہارنیس، سیکرٹری عصمت طاہرہ، سرکاری محکموں اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر نمائندگان، ترقیاتی شراکت داروں اور میڈیا حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل نوید اکبر نے سروے پر عملدرآمد کیلئے اس کے  ڈیزائن، ڈیجیٹل طریقہ کار، نقطہ نظر اور شفافیت کے اقدامات کا خاکہ پیش کیا۔اپنے ابتدائی کلمات میں، ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، “احساس حکمت عملی کے تحت، ہم نے 34.41 ملین گھرانوں کی ایک نئی قومی سماجی اقتصادی رجسٹری کا نتیجہ حاصل کیا ہے۔ ہم نے غریبوں کی درست شناخت کے لیےاعدادوشمار کی مختلف طریقوں سے  توثیق کی۔ سروے کی تیاری کے ساتھ، ہم اب اسٹیٹک سے ڈائنامک  رجسٹری کی طرف منتقل ہو رہے ہیں تاکہ اسے زیادہ ہدف سازی کو موثر بنایا جا سکے اور بالخصوص آبادیاتی تبدیلی کی وجہ سے گھرانوں کی سماجی و اقتصادی حالت میں مسلسل تبدیلی کے باعث ممکنہ شمولیت اور اخراج کی غلطیوں سے بچا جا سکے۔ قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری کو متحرک رکھنے کے لیے پورے ملک میں تحصیل سطح کے احساس رجسٹریشن ڈیسک بھی کھول دیے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ رجسٹری کو ہر چار سال بعد باقاعدگی سے اپ ڈیٹ کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا، “میں سروے کی کامیاب تکمیل پر احساس ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔