اسلام آباد۔6جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کو اپنی جماعتوں کا نام بدل کر زرداریہ پارٹی اور شریفیہ پارٹی رکھ لینا چاہئے، مریم نواز نے اپنی آڈیو لیک کو اصلی تسلیم کرلیا ہے، ان میں تھوڑی سی شرم بھی ہوتی تو وہ معافی مانگتیں، صحافتی تنظیموں کا پرویز رشید اور مریم نواز سے معافی کا مطالبہ بالکل درست ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے علاوہ صوبوں میں اپنے ایگزیکٹو اور ایڈوائزری بورڈز کا اعلان کر دیا ہے، کونسلیں سندھ کے علاوہ وسطی اور جنوبی پنجاب میں الگ الگ تشکیل دی گئی ہیں۔ ایڈوائزری بورڈ تشکیل دے دیئے ہیں، فرخ حبیب کو پارٹی کا نیا مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور سراج خان کو پارٹی کا مرکزی فنانس سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ سراج خان پہلے بھی سیکرٹری فنانس رہ چکے ہیں اور انہوں نے پارٹی فنڈنگ کو شفاف انداز میں منظم کرنے میں بطور احسن کردار ادا کیا ہے اور تحریک انصاف نے شفاف فنڈنگ کا نظام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو پارٹی کے نئے تنظیمی سیٹ اپ کے حوالے سے صوبائی صدور سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے پارٹی کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے (انتخابی) ضابطہ اخلاق میں ترمیم لانے کے لئے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لئے رابطہ کر رہے ہیں ، اراکین اسمبلی کو انتخابی مہم میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے کیونکہ سیاسی لوگوں کو ان کے حلقوں میں انتخابی مہم چلانے پر نوٹس جاری کرنا مضحکہ خیز ہے۔











