لاہور، 12جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیرایکسائز ،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول حافظ ممتاز احمد نے بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے منشور پر من و عن عمل کررہی ہے،سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب کو جدت کی راہ پر گامزن کردیا ہے،حقیقی آئی ٹی بیسڈ ترقی پنجاب کی عوام پہلی مرتبہ دیکھ رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے بائیومیٹرک جیسے منصوبے تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں ، سابق نا اہل ن لیگ حکومت ایک بھی قابل قدر منصوبہ پنجاب کی عوام کو نہ دے سکی کیونکہ ن لیگ کی سار ی توجہ “مال” بنانے پر رہی ہے ۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی عثمان بزدار کی قیادت میں بدلتا ترقی کرتا پاکستان مبارک ہو، اب گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر بذریعہ بائیومیٹرک سسٹم ہوگی، بائیومیٹرک سسٹم محکمہ ایکسائز کا ڈیجیٹلائزیشن کی جانب اور انقلابی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ بائیومیٹرک سسٹم سے ایکسائز دفاتر کے چکراور جعلسازی کا خاتمہ ممکن بنادیا ہے، بائیومیٹرک سسٹم سے صارفین کو گاڑی کی ملکیت کا تحفظ حاصل ہوگا،موٹر وہیکل مالکان ملکیت تبدیلی کیلئے بذریعہ ای پے درخواست جمع کرا سکتے ہیں اور اب ایکسائز دفاتر کا چکر لگانے اور کاغذات لانے کی ضرورت نہیں، فیس کی ادائیگی کے بعد بائیومیٹرک ویری فیکیشن کا عمل 30 یوم کے اندر مکمل ہوگا،بائیومیٹرک ویری فیکیشن کا عمل پنجاب کے تمام اضلاع میں موجود موٹر رجسٹریشن دفاتر سے کرایا جا سکتا ہے۔
حافظ ممتاز احمد نے بتایا کہ اب نادرا کے ای سہولت سنٹرز سے بھی بائیومیٹرک ویری فیکیشن کروائی جا سکتی ہے،گاڑی کی ملکیت کمپنی یا ادارے کے نام ہونے کی صورت میں متعلقہ ادارہ یا کمپنی بائیو میٹرک ویری فیکیشن کیلئے اپنا نمائندہ مقرر کرے گا،بائیومیٹرک ویری فیکیشن سسٹم جدت کا حامل منصوبہ ہے،محکمہ ایکسائز کو جدت کی راہ پر منتقل کردیا ہے، سمارٹ کارڈ ،ای پے ،یونیورسل نمبرپلیٹس،پراپرٹی مینجمنٹ سسٹم سے ایکسائز ڈیجیٹلائزیشن کی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کا نظریہ پنجاب کی عوام پہلی مرتبہ دیکھ رہی ہے،بائیومیٹرک سسٹم سے صارفین کو بڑے پیمانے پر ریلیف ملے گا،ایکسائز دفاتر اور نادرا کے چار ہزار ای سہولت مراکز پر بائیومیٹرک کی سہولت دستیاب ہوگی، پنجاب حکومت نے ڈیجیٹائزیشن میں انقلاب برپا کردیا ہے، محکمہ ایکسائز پنجاب قوم کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کا تحفہ لایا ہے اورمحکمہ ایکسائز نے اوپن لیٹرٹرانسفر پالیسی کا خاتمہ کردیا ہے،بے نامی ٹرانزیکشن کو روکنے کیلئے محکمہ ایکسائز کا یہ بڑا منصوبہ ہے،ملک میں بے نامی گاڑیوں کی بھرمار تھی، گاڑی کا مالک کوئی اور جبکہ استعمال کوئی اور کر رہا ہوتا،صارف کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ اسکے نام پر گاڑی ٹرانسفر ہوچکی ہے یا اس کے نام پر کتنی گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔
حافظ ممتاز احمد نے کہا کہ محکمہ ایکسائز نے صارفین کی مشکلات آسان بنانے کیلئے بائیومیٹرک سسٹم کا بڑا قدم اٹھایا ہے ،بائیومیٹرک سسٹم سے ریونیو میں اضافہ ہوگا ،اوپن لیٹر پر گاڑیاں کئی جگہ پر سیل ہوتی رہتی تھیں مگر ٹرانسفر نہیں ہوتی تھیں محکمہ ایکسائز کو ریونیو کے حوالے سے کافی نقصان برداشت کرنا پڑ رہا تھا،گاڑیوں کے بائیومیٹرک ٹرانسفرکا عمل بہت آسان اور نادرا کے ای سہولت سنٹرز سے منسلک ہے،صرف ایک سو بیس روپے کی رقم ادا کرکے شہری اپنی گاڑی بائیو میٹرک طریقے سے ٹرانسفر کرا سکتے ہیں، محکمہ ایکسائز کے دفاتر سے بھی شہری اپنی گاڑیوں کو بائیو میٹرک ٹرانسفرکراسکتے ہیں۔











