مریم صفدر نے اداروں اور میڈیا کو جو عزت بخشی وہ ڈان لیک سے شروع ہوئی اور ٹوکریوں   میں پہنچ کر ختم ہوئی؛  شہباز گل

17


اسلام آباد،5جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ  مریم صفدر مسلسل آزادی صحافت پر حملے کررہی ہے، مریم نواز کی آڈیو سے پتہ چلتا ہے کہ انہوں نے میڈیاہائوسز کےاشتہارات روکے، سینئر صحافیوں کے خلاف گالم گلوچ پر پریس کلب اور صحافتی تنظیمیں خاموش کیوں ہیں، مریم صفدر نے اداروں اور میڈیا کو جو عزت بخشی وہ ڈان لیک سے شروع ہوئی اور ٹوکریوں   میں پہنچ کر ختم ہوئی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ  مریم نواز کی جانب سے پے در پے آزادی صحافت پر حملے ہو رہے ہیں۔ ابھی ایک آڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں مریم نواز اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشیدسینئر صحافیوں کے خلاف  بد زبانی  کررہے ہیں۔ اس سے پہلے بھی مریم صفدر کی دو آڈیوز سامنے آئیں جن میں میڈیا ہائوسز کے اشتہارات روکنے کی بات کی گئی۔ ان کے پاس کوئی سرکاری عہدہ بھی نہیں تھا تو وہ کس طرح یہ احکامات دے رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ آڈیو میں سینئر صحافیوں حسن نثار، ارشاد بھٹی، مظہر عباس  کے خلاف نازیبا کلمات کہے گئے ہیں۔ صحافتی تنظیمیں اور پریس کلبز صحافیوں کے خلاف گالم گلوچ پر خاموش کیوں ہیں۔ انہیں آزادی صحافت کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ ایک بھگوڑے مجرم کی تقریریں نشر کرنے سے متعلق بحالی کے لئے کچھ صحافی عدالتوں میں چلے جاتے ہیں لیکن و ہ اس معاملے پر خاموش ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری اور رانا ثنا اللہ کی گالم گلوچ پر صحافیوں کا کوئی رد عمل نہیں آتا۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان لوگوں کا ہر سطح پر ہولڈ ہے۔ صحافیوں کے خلاف نازیبا کلمات کہنا قابل مذمت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی باعزت شخص کی پگڑی اچھالیں گے تو کیا ثبوت نہیں مانگا جائے گا۔ اس آڈیو ٹیپ میں جن صحافتی اداروں کا نام لیا گیا ہے انہیں مریم نواز کو خط لکھنا چاہیے تھاکہ اس سے ان کا استحقاق مجروح ہوا ہے لیکن ان چینلز کی جانب سے ایسا نہیں کیا گیا ۔ صحافیوں پر اپنی مرضی مسلط کرنا اخلاقیات کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا  کہ وزیر اعظم عمران خان اس تعفن زدہ نظام کی سرجری کررہے ہیں کیونکہ ماضی میں کرپشن کا ایکو سسٹم بنایا گیا تھا۔

معاون خصوصی  شہباز  گل نے کہا کہ ن لیگ نے اپنے پانچ سالوں میں جتنا اضافی ٹیکس وصول کیا اس ایک سال کے دوران اتنا اضافی  ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ رواں سال 1300 ارب ٹیکس وصول کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت اقتدار میں آئی تو اس وقت زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب ڈالر تھے جو اب ریکارڈ 22 ارب ڈالر ہیں۔ اس وقت تجارتی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا اور برآمدات کم ہو رہی تھیں، اب برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور تجارتی خسار ہ پرقابو پایاگیا ہے۔

سورس:وی این ایس،ا سلام آباد