ملتان؛کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے محکوموں کو آخری انتباہ

17

ملتان،06 جنوری(اے پی پی): کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے محکوموں کو آخری انتباہ کر دی ہےاور فنڈز کے باوجود منظور شدہ سکیموں کے زیر التواء ہونے پر اظہار برہمی کیا ہے۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد کی زیر صدارت ڈویژنل ترقیاتی سکیموں بارے جائزہ اجلاس ہوا اور ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، ترقیاتی محکموں کے سربراہان نے بریفنگ دی۔

 کمشنر نے واسا کی زیر التوا سکیموں، کارڈیالوجی ہسپتال توسیع کی تکمیل میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو سکیموں کے معیار کو جانچنے  کا ٹاسک بھی دیا ۔

ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ناقص کام کی صورت میں اینٹی کرپشن ٹیکنیل ٹیم سے جانچ کروائی جائے گی اور ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کیخلاف مجاز اتھارٹی کو لکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں رکاوٹ افسران کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ کر دی گئی ہے۔

  کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سختی سے مانیٹر کر رہی ہے اور  ڈویژن کی سکیموں پر بروقت فنڈز خرچ نا ہونے پر احتساب ہوگا۔ انہوں  نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی  ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر ذاتی نظر ہے، مالی سال کے اختتام سے قبل سکیمیں مکمل نہ کرنے والے افسران احتساب کیلئے تیار رہیں۔

 ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ تمام سکیموں کا ایک فیصد ہارٹیکلچر کیلئے خرچ کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے ترجیحی فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔انہوں نے  کمانڈ اینڈ کنٹرول عمارت کو 31 جنوری تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ میوزیم سائٹ پر کام جاری، 7 فٹ تک کھدائی کی جاچکی ہے اور  710 ترقیاتی سکیموں کیلئے 17 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں،35 فیصد خرچ ہو چکا ہے،3 ارب20 کروڑ کی کمیونٹی ڈویلپمنٹ3کی 348 سکیموں پر کام جاری ہے۔

 بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے 2ارب52کروڑ روپےجاری کر دیے ہیں اور  پائیداد ترقیاتی اہداف پروگرام4 کی4 ارب8کروڑ کی 792 سکیموں پر کام جاری ہے، رورل ایسسبلٹی پروگرام کی 19 سکیمیں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔