ملتان،27جنوری(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے تحصیل شجاع آباد کا اچانک دورہ کیا اور عرصہ دراز سے بند شجاع آباد پبلک سکول کی عمارت کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے طلباءو طالبات کیلئے قائم دونوں سکولز کی عمارات کو فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ 2016 میں 12 کروڑ سے تعمیر سکول کا ناگزیر وجوہات کی بناءپر آغاز نہ ہوسکا جو کہ افسوسناک ہے۔ضلعی انتظامیہ فوری معاملے کا جائزہ لیکر مثالی درسگاہ کو فوری فعال کرکے علاقے کے ہزاروں طلباءکو ریلیف دے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر سکول کے معاملات کے حوالے سے محکموں سے روابط کرکے درسگاہ کا آغاز کرینگے۔
اپنے دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بلڈنگ کو گرلز پورشن فوری محکمہ تعلیم کے حوالے کرنے کا بھی حکم جاری کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد ناصر شہزاد ڈوگر بھی موجود تھے۔











