نوشہروفیروز،27 جنوری(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد تاشفین عالم کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں بند اسکولوں کو فوری طور پر کھولنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں اور غیر حاضر اساتذہ کے خلاف کارروائی کا حکم دیا گیا ہے ۔انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنروں کو ہدایت کی کہ وہ اسکولوں کے دورے کریں اور 12 سال سے بڑی عمر کے بچوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگانے پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے اور ویکسین نہ لگوانے والے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کو بند کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر تحصیل کی سطح پر ایک ماڈل اسکول قائم کیا جائے جہاں تعلیم کا معیار بہتر ہو۔
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے چیف مانیٹرنگ آفیسر نے بتایا کہ ضلع میں 138 اسکول بند ہیں جبکہ 300 اساتذہ اپنی بایومیٹرک والی جگہوں پر کام نہیں کررہے ۔ ڈی ای او سیکنڈری نے بتایا کہ سیکنڈری سائیڈ کے 50 اساتذہ مسلسل غیر حاضر ہیں جبکہ 84 اساتذہ عادی غیر حاضر ہیں جبکہ 19 اساتذہ کی تنخواہ کی کٹوتی کی گئی ہے بقیہ غیر حاضر اساتذہ کو ملازمت سے برخواست کرنے کے لئے فائنل شو کاز نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔











