کوئٹہ، 11 جنوری (اے پی پی ): وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں13جنوری کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے آئند اجلاس میں شامل ایجنڈے کاجائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل ساتویں مردم شماری اورحلقہ بندیوں سمیت ایل پی جی پلانٹ کی تنصیب کے تعطل کا شکار منصوبے پر عملدرآمد کے آغاز کا معاملہ بھی اجلاس میں اُٹھایا جائیگا۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ 13 جنوری وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں شرکت کیلئے بلوچستان مکمل طور پر تیار ہے جبکہ اجلاس میں بلوچستان سے متعلق ایجنڈہ پوائنٹس پر صوبے کا موقف بھرپور طور پر پیش کرنے سے اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ سمیت سیکرٹری ماحولیات، فشریز، ایری گیشن، انرجی اور سیکرٹری بلدیات نے شرکت کی۔











