وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے چیئرمین نیشنل کمیشن برائے اقلیتی امور چیلا رام کویلانی کی قیادت میں وفد کی  ملاقات

23

لاہور17جنوری ( اے پی پی ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے چیئرمین نیشنل کمیشن برائے اقلیتی امور چیلا رام کویلانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا چیئرمین نیشنل کمیشن اقلیتی امور نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات کیے ہیں پنجاب میں اقلیتوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنے کیلئے دیر پا اقدامات قابل تحسین ہیں۔پنجاب میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے اچھا کام ہورہا ہے۔ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا کہ مینارٹی ڈویلپمنٹ فنڈکے لئے 1ارب روپے رکھے گئے ہیں میٹرک سے پی ایچ ڈی کی تعلیم کیلئے اقلیتی طلبا و طالبات کو سکالر شپ دیئے جارہے ہیں اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے رواں مالی سال 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں اقلیتی طلبا و طالبات کیلئے سرکاری یونیورسٹیوں میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کیا ہے 2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ پربہترین کالجوں او ریونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں پنجاب میں ساڑھے تین برس کے دوران اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادریوں کیلئے ملازمتوں میں پانچ فیصد کوٹے پر عملدرآمد کرایا جائے گا پنجاب کے 40 محکموں میں مینارٹی سیل قائم اور فوکل پرسن مقرر کر دیئے ہیں144 تحصیلوں، 36 اضلاع اور 9 ڈویژن میں بھی مینارٹی سیل قائم اور فوکل پرسن تعینات ہوچکے ہیں اقلیتوں سے متعلقہ ایشوز کو مینارٹی سیل اور فوکل پرسن حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے بنیادی حقوق کو تحفظ فراہم کرتا ہے نئے پاکستان میں اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں پنجاب میں پہلی انٹرفیتھ پالیسی مرتب کرلی گئی ہے نیشنل کمیشن برائے اقلیتی امورکے ساتھ اقلیتی برادریوں کی فلاح وبہبود کیلئے بہترین کوآرڈینیشن کے ساتھ آگے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی اموراعجاز عالم،چیف سیکرٹری،سیکرٹری انسانی حقوق و اقلیتی اموراورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے نیشنل کمیشن برائے اقلیتی امور کے وفد میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولاناعبدالخبیرآزاد،سکھ،ہندو،مسیحی اوردیگراقلیتوں کے نمائندے شامل تھےپرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے۔