وزیراعلی سندھ کا کوآپریٹو مارکیٹ متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان

42

کراچی 31 جنوری(اے پی پی ): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے وفد سے ملاقات کے دوران زبیر موتی والا کی قیادت میں کوآپریٹو مارکیٹ اور وکٹوریہ سینٹر کے دکانداروں کو معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ جوکہ آگ میں خاکستر ہوگئے تھے۔ اجلاس میں وزیر محنت سعید غنی، وزیر صنعت و تعاون جام اکرام اللہ دھاریجو، ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضی وہاب، وزیراعلی سندھ کے پرنسپل سیکریٹری فیاض جتوئی، سیکریٹری بلدیات نجم شاہ، سیکریٹری خزانہ ساجد جمال ابڑو، سیکریٹری محکمہ تعاون نسیم الحسن سہتو اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے ممبران اور متاثرہ دکانداروں نے وزیر اعلی سندھ کو بتایا کہ 14 نومبر 2021 کو کوآپریٹو مارکیٹ میں آگ بھڑک اٹھی تھی جس کے نتیجے میں 398 دکانیں مکمل یا جزوی طور پر جل کر راکھ ہو گئیں۔ یہ شادیوں کا سیزن ہے اور زیادہ تر دکانوں پر شادی تقریبات کی ملبوسات اور متعلقہ سامان فروخت ہوتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر دکانوں میں آگ لگنے سے انہیں بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ اس پر وزیراعلی سندھ نے کہا کہ وہ انہیں کسی صورت تنہا ہیں چھوڑیں گے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ متاثرہ دکانداروں کو معاوضہ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنا کاروبار دوبارہ شروع کر سکیں۔ انہوں نے صوبائی وزیر سعید غنی، جام اکرام دھاریجو، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور دکانداروں کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو معاوضے کیلئے ناموں کی تصدیق اور سفارش کرے گی۔ وزیر اعلی سندھ نے کوآپریٹو ڈیپارٹمنٹ کو کابینہ کیلئے سمری بھیجنے کی بھی ہدایت کی تاکہ معاوضے کے رقم کی منظوری دی جا سکے اور پھر اسے جلد از جلد تقسیم بھی کیا جا سکے۔ کے سی سی آئی کے اراکین اور متاثرہ دکانداروں نے وزیر اعلی سندھ کی بروقت حمایت پر شکریہ ادا کیا۔