تیسری کمشنر کراچی سٹی میراتھن13فروری کو معین خان اکیڈمی سے شروع ہوگی

61

کراچی 31جنوری (اے پی پی ):کمشنرکراچی محمد اقبال میمن نے کہاہے کہ تیسری کمشنر کراچی سٹی مراتھن 13فروری کومعین خان اکیڈمی سے شروع ہوگی،مراتھون میں رجسٹریشن کے خواہشمند افراد لنک پر جاکر اپنے اپ کو کسی بھی وقت رجسٹر کراسکتے ہیں،مرا تھون ریس معین خان اکیڈمی خیابان ٹیپو سے شروع ہو گی اور براستہ عبدالستار ایدھی ایوینیو، کیپٹن فرحان شہیدپارک، خیابان اتحاد،اور خیابان شاہین سے واپس معین خان اکیڈمی پر اختتام پذیر ہو گی۔جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق کمشنر کراچی نے پیر کو ا پنے دفتر میں ایک پریس بریفنگ میں تیسری کمشنر کراچی سٹی مراتھون 2022میں رجسٹریشن کے آغا ز کا اعلان کرتے ہوئے آن لائن رجسٹریشن کیلئے لنک جاری کردیاہے ۔انہوں نے کہا کہ خواہشمند افراداس لنک پر جاکر رجسٹریشن کرواسکتے ہیں،https://apcp-pak.live/online_registration/ ،مراتھون کے روز 13فروری کو صبح تک آن لائن رجسٹریشن جاری رہے گی تاہم مراتھون کے روز صبح ساڑھے آٹھ بجے آن اسپاٹ رجسٹریشن شروع ہوگی جو صبح ساڑھے نوبجے تک جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ آن اسپاٹ رجسٹریشن کیلئے معین خان اکیڈمی پر رجسٹریشن ڈیسک قائم کی جا ئے گی جہاں رجسٹرڈ رنرز کو چیسٹ نمبر جاری کئے جائیں گے۔انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ میراتھون میں بھرپور حصہ لیں زیادہ سے زیادہ رجسٹریشن کرائیں عام افراد بھی میراتھون میں حصہ لے سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیر رجسٹرڈ افراد کو میراتھو ن میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی راستہ میں یو نیفارم میں والنٹیئرز ما نیٹر نگ کریں گے۔ کمشنر نے کہا کہ میراتھون ریس کی صحت اور کھیل کے حوالے سے بہت اہمیت ہے، میراتھون دنیا کا مقبول کھیل بن چکا ہے کراچی میں بھی میراتھون ریس کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میراتھون کے ذریعے شہر میں امن اور اسپورٹس کو فروغ ملے گا اور ملک اور بیرون ملک میں شہر کراچی کا اچھا امیج قائم ہوگا۔میراتھون شہرمیں مسلسل ہو نے والی تیسری ریس ہے تیسری کمشنر کراچی سٹی میراتھوں ریس میں تین مختلف کیٹیگر یز میں مقابلے ہوں گے کٹیگری ا نڈر 19،29 اورتیسری کیٹیگری 29سا ل سے زائد عمر کے افراد کے لئے ہوگی، ویٹرن کی خصوصی کیٹیگری جو پچا س سال سے زائدعمر کے افراد کے لئے ہوگی میں بھی مقابلے ہوں گے۔ علاوہ ازیں اسپیشل بچوں اور فیملی فن ریس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔کمشنرکراچی نے کہا کہ مرا تھون روٹ میں مختلف مقامات پر اسٹیشن بنا ئے گئے ہیں، جہاں تمام اسٹیشن پر پینے کا پا نی ،واش روم، کھا نے پینے اور شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی ،کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال کی صورت میں مددکیلئے فائر بریگیڈ اور فوری طبی امداد کی فراہمی کیلئے خصوصی ا تظامات کئے گئے ہیں اس موقع پر مختلف مقامات پر ایمبولینس اور ضروری طبی عملہ مو جو د رہے گا۔