لاہور، 06جنوری (اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کوئی سیاسی ایجنڈہ نہیں وہ ملک وقوم کی ترقی چاہتے ہیں۔
ان خیالات کاا ظہارانہوں نے گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین مقبون سے ملاقات میں کیا۔ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز پر گفتگو کی گئی۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاسی مخالفین سن لیں مارچ کے بعد اپریل ہوگا اور کچھ نہیں، مارچ 2021 گزر چکا، مارچ 2022 اور مارچ 2023بھی گزر جائے گا.انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صبر کرے الیکشن 2023 میں ہی ہونگے،حکومت اور وزیر اعظم عمران خان دونوں آئینی مدت پوری کریں گے۔
چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک بھر پہلی بار یکساں ترقی پر کام ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انصاف صحت کارڈ تحر یک انصاف کی حکومت کا تاریخی منصوبہ ہے.
گورنر گلگت بلتستان راجہ جلال حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کو صحت سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، گلگت بلتستان کے عوام بھی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مشن صرف اور صرف عوام کی ترقی اور خوشحالی ہے۔











