ٹنڈوآدم؛مال بردار ٹرین کی پانچ بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں، بحالی کا کام جاری

44

ٹنڈوآدم، 6 جنوری (اے پی پی):  ٹنڈوآدم میں گزشتہ شب جوہرآباد ریلوے پھاٹک پر کراچی سے پنجاب جانیوالی مال بردار ٹرین کی پانچ بوگیاں ٹریک سے اترجانےکے بعد ریلوے کی امدادی ٹیم نے اپ ٹریک کی بحالی کیلئے کام شروع کردیاہے اور کرین کے ذریعے متاثرہ بوگیوں کو ٹریک پر دوبارہ رکھاجارہا ہے۔

حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی اور پنجاب جانے والی ٹرینوں کو حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔

 متاثرہ مال بردار ٹرین کو گزشتہ شب متبادل ٹریک سے گزاراجارہا تھا کہ یہ حادثہ پیش آیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

رابطہ کرنے پے ٹنڈوآدم ریلوے اسٹیشن کے اسٹیشن ماسٹر عبداللہ سومرو نے بتایا کے ٹریک کی خستہ حالی کی وجہ سے یہ واقعہ رونما ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کے ٹریک کی بحالی کے لیے ڈی ایس کراچی کو مطلع کیا گیا جہاں سے کرین پہنچ کر ٹریک کی بحالی کا کام کر رہی ہےجبکہ اپ ٹریک کے لئے متبادل ٹریک سے ٹرینون کو راستہ دیا گیا ہے، ٹرین حادثے کے بعد کراچی سے پنجاب اور کراچی جانیوالی مسافر ٹرینوں کو ڈائون ٹریک سے گزار کر منزل مقصود کی جانب روانہ کیاگیا۔

 ریلوے حکام کے مطابق بحالی کا کام شروع کردیاگیا ہے، متاثرہ بوگیوں کو ٹریک پر رکھنے کے بعد لائنوں کی مرمت کاکام شروع کیاجائے گا اور مکمل ٹریک بحال ہونے میں مزید پانچ سے چھ گھنٹے لگ سکتے ہیں۔