وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی رومانیہ کےاپنے ہم منصب بوگدان اوریسکو سے ملاقات،تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق

11

بخارسٹ ،10جنوری  (اے پی پی):پاکستان اور رومانیہ نے تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق پیر کو بخارسٹ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی رومانیہ کےاپنے ہم منصب بوگدان اوریسکو کے ساتھ ملاقات میں طے پا یا گیا۔رومانیہ میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظفر اقبال بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

رومانیہ کے وزیر خارجہ بوگدان اوریسکو نے دورہ  رومانیہ کی دعوت قبول کرنے اور رومانیہ آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔بات چیت کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر خارجہ نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان قریبی اور باہمی تعاون پر مبنی تعلقات کو سراہا۔دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور رومانیہ کے درمیان، تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، تعلیم، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

فریقین نے اتفاق کیا کہ دوطرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا دور جلد اسلام آباد میں ہوگا۔دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ اقتصادی کمیشن کو بحال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔