وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے رومانیہ کےسفیر کی ملاقات ، دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

41

اسلام آباد،6جنوری  (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے رومانیہ   کے  سفیر کے نکولائے گوئیہ نے   جمعرات کو یہاں  ملاقات کی ، ملاقات میں  دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور افغانستان سمیت دیگر علاقائی امور سمیت  سیاحت اور تجارت بڑھانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر  تبادلہ خیال کیا گیا۔

  وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن اقوام عالم کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ  افغانستان پر پاکستان میں حالیہ او آئی سی وزراء خارجہ غیر معمولی کانفرنس کے بہترین نتائج  آئیں گے، افغان حکومت کو شہریوں کی دیکھ بھال کے لئے وسائل کی شدید کمی کا سامناہے، انسانی قحط سے بچانے کے لئے دنیا کو افغان شہریوں کی فوری امداد کرنی چاہئے۔

 رومانیہ سفیر کے نکولائے گوئیہ نے کہا کہ پاکستان نے قیام امن کے لئے لازوال جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں، پاکستان میں معاشی اور انسانی ترقی سے بہت متاثر ہوں۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان میں پائیدار امن کے لئے کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، پاکستان کی افغان شہر یوں کی انسانی بنیادوں پر مدد قابل ستائش ہے۔