ملتان، 8جنوری(اے پی پی): سی ای او ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر نے کمپنی کے تمام معاملات تک پبلک کو رسائی دینے کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ پارلیمنٹیرین،میڈیا اور شہریوں کو کمپنی بارے تمام معلومات حاصل کرنے کا حق ہے اورکمپنی شہریوں کے ٹیکس کے ایک ایک پیسے کا جواب دینے کی پابند ہے۔
وہ کمپنی ایگزیکٹیو کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ کمپنی کے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،کمپنی انتظامیہ مثالی کارکردگی کے لئے مکمل اتحاد اور بہترین کو آرڈینیشن قائم کرے۔انہوں نے واضح کیا کہ عوامی نمائندوں، میڈیا اور شہریوں کا کمپنی پر اعتماد کا اظہار ہماری کامیابی ہو گی۔
سی ای اومحمد فاروق ڈوگر نے تمام ڈیپارٹمنٹ ہیڈز کو ٹاسک سونپ دئے ہیں اور کہا ہے کہ کوتاہی کی صورت میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کمپنی ورکرز کو موسم سرما کے مطابق گرم کٹس فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ یہ کہاں کا انصاف ہے کہ افسران گرم گاڑیوں میں پھریں اور ورکر سرد موسم میں ٹھٹھرتے رہیں۔انہوں نے ورکرز کو گرم جیکٹس فراہم کرنے کے لئے تجاویز طلب کرلیں ہیں۔
اجلاس میں کمپنی سیکرٹری،چیف انٹرل آڈیٹر،چیف فنانشیل آفیسر اور منیجرز نے شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، ملتان











