پاکستان، رومانیہ کے ساتھ وسیع البنیاد اور نتیجہ خیز تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے؛وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رومانیہ کے وزیر اعظم سے ملاقات میں گفتگو

37

بخارسٹ،10جنوری(اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، رومانیہ کے ساتھ وسیع البنیاد اور نتیجہ خیز تعلقات استوار کرنے کا خواہاں ہے،پاکستان اور رومانیہ کے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات میں حالیہ بہتری ، دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کا مظہر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے   پیر کو یہاں دورہ رومانیہ کے دوران  رومانیہ کے وزیر اعظم نکولائ چیوکا سے ملاقات میں کیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے رومانیہ کے وزیر اعظم نکولائ چیوکا کو   وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا  اور ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی گئی۔

وزیر خارجہ نے رومانیہ کی جانب سے کورونا وبائی صورتحال سے نمٹنے کے لئے اٹھائے گئے موثر اقدامات کو سراہا اور پاکستانی عوام کیلئے رومانیہ کی حکومت کی جانب سے انسداد کوویڈ ویکسین کی 500,000 خوراکوں کے تحفے کے اعلان پر وزیر اعظم نکولائ چیوکا کا شکریہ ادا کیا۔

رومانیہ کے وزیر اعظم نکولائ چیوکا نے افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے کردار اور رومانیہ کے شہریوں کے انخلا میں اسلام آباد کی طرف سے فراہم کی جانے والی معاونت کو سراہا۔

رومانیہ کے وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے بالخصوص جموع کشمیر میں صورتحال کی سنگینی اور افغانستان کے تناظر میں پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کیا۔

وزیر خارجہ نے یورپی یونین میں پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کے حوالے سے رومانیہ کی حمایت کو سراہا۔

رومانیہ کے وزیر اعظم نکولائ چیوکا نے وزیر خارجہ کو رومانیہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے، نیک خواہشات کے اظہار پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم آفس آمد  پر وزیر اعظم رومانیہ کے چیف آف پروٹوکول نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔