پاکستان بیت المال اور روٹس انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

36

اسلام آباد۔18جنوری  (اے پی پی):پاکستان بیت المال اور روٹس انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت عمل میں آئی ہے جس کے تحت دونوں ادارے مل کر سماجی تحفظ کے میدان میں کام کریں گے۔ مفاہمتی یادداشت پر منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر اور روٹس انٹرنیشنل سکولز اینڈ کالجز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید مشتاق نے دستخط کئے۔ منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس نے اس موقع پرفلاحی سرگرمیوں کے لئے پاکستان بیت المال کے ساتھ شراکت داری پر روٹس انتظامیہ کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اس معاہدے کو نادار افراد کے لئے ایک یادگار اور اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ غربت اور اس سے جڑے ہوئے دوسرے مسائل کے حل کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ انتہائی اہمیت کی حامل ہے،آج پاکستان بیت المال کے ساتھ بہت سے دوسرے قومی اور بین القوامی فلاحی ادارے شریک ہیں جو ادارے کی کارکردگی پر اعتماد کی ایک روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان ملک کے محروم اور پسماندہ طبقات کی بحالی کے لیے فکر مند رہتے ہیں، ان کی ہدایات کی روشنی میں غریب افراد کی بہتری کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ روٹس انٹرنیشنل سکولز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ولید مشتاق نے پاکستان بیت المال کی طرف سے غربت کے خاتمہ کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے ادارے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا روٹس کے تمام طلبا اور اساتذہ ملک کے پسماندہ افراد کی بھلائی کے لیے رضاکارانہ طور پر اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے اور سماجی تحفظ میں دیئے گئے ہر ہدف کو پورا کرنے کے لئے محنت کریں گے۔