اسلام آباد،09جنوری(اے پی پی):پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس راہ نورد ، مددگار اور آبدوز حمزہ نے عمان کا دورہ کیا،عمان کی بندرگاہ سلطان بن قابوس آمد پر پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا شاندار استقبال کیا گیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی اور مشن کمانڈر نے چیف آف سلطان آرمڈ فورسز اور عمانی بحریہ کے سربراہ سمیت عمان کے دیگر اعلیٰ عسکری حکام سے خصوصی ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون کے مزید فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک بحریہ کے افسران نے عمان کی مختلف عسکری تنصیبات کا بھی دورہ کیا۔ دورے کے آخر میں پی این ایس راہ نورد اور عمانی بحریہ کے جہاز شباب نے زیر تربیت کیڈٹس کیلئے مشترکہ سیلنگ مشق کا انعقاد کیا۔پاک بحریہ کے فلوٹیلا کے اس دورے سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔
سورس: وی این ایس، اسلام آباد











