پشاور؛صوبائی وزیر  کامران خان بنگش کا خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ،بون میرو ٹرانسپلانٹ  یونٹ بارے بریفنگ

56

پشاور، 14جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور نئی بننے والی عمارتوں کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر کو بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ بارے بریفنگ دیتے ہوئےوائس چانسلر خیبر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الحق نے بتایا کہ اس کے لئے کے ایم یو کو 10 کروڑ روپے درکار ہونگے جس سے بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ کو مکمل طور پر فعال کر سکیں گے۔ یہ تھیلیسیمیا اور بلڈ کینسر جیسی مہلک بیماریوں کی روک تھام، کنٹرول اور علاج کے حوالے سے اسے مزید بہتر بنانے میں فعال کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ یونٹ بنانے میں حکومت آپ کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی، اسلئے اس منصوبے کو صوبے کے وسیع تر عوامی مفاد میں بغیر کسی تاخیر کے جلد از جلد شروع کیا جانا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری یہ بھی کوشش ہوگی کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ کو صحت انصاف کارڈ میں شامل کیا جائے کیونکہ اس کا علاج مہنگا ہے اور غریب مہنگے علاج کے متحمل نہیں ہوسکتا۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ میں ڈاکٹروں کو سپیشلائزیشن کرنی چاہیے کیونکہ خیبر پختونخوا میں بون میرو سپیشلسٹ کا فقدان ہے،حکومت اس میں آپ کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔انہوں نے کے ایم یو میں انتظامی امور پر اطمینان کا اظہار کیا۔

سورس:وی این ایس، پشاور