چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کا ضلع ایبٹ آباد کا دورہ

21

ایبٹ آباد،20 جنوری(اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نےضلع ایبٹ آباد کا جمعرات کو دورہ کیا۔کمشنر ہزارہ ڈویژن مطہر زیب اور ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد طارق سلام مروت بھی انکے ہمراہ موجود تھے۔ایف ڈبلیو اوحکام کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخواکو حویلیاں میں بریفنگ دی گئی۔

 بریفنگ کے بعد چیف سیکرٹری خیبر پختونخوانے دھمتوڑ بائی پاس کا تفصیلی جائزہ لیا اور پراجیکیٹ کی تکمیل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس بات  کا اعادہ کیا کہ گلیات میں سیاحت کے فروغ اور بڑھتی ٹریفک کے مسائل کے حل کے حوالےسے دھمتوڑ بائی پاس اہمیت کا حامل ہے اور اس سے مقامی افراد کو بھی بہت فائدہ ہو گا۔

  انہوں نے دھمتوڑ بائی پاس رائٹ آف وے پر ایف ڈبلیو او اور سی اینڈ ڈبلیو  کو فینسنگ کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے دھمتوڑ بائی پاس رائٹ آف وے میں تمام تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے  اورھمتوڑ بائی پاس کے لیے زمینوں کے معاوضے کی ادائیگی کے اور پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالے سےہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر کمشنر ہزارہ ڈویژن مطہرزیب، لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ ایاز سلیم رانا، ڈپٹی کمشنرایبٹ آباد طارق سلام مروت، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہاب محمد خان ایف ڈبلیو او، سی اینڈ ڈبلیواور دیگر تمام متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ موجود رہے۔