چین نے 700 ملین لوگوں کو غربت سے نکال کر پوری دنیا کے لئے مثال قائم کیا ہے ؛ وزیراعظم عمران خان

15

اسلام آباد،29جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو  چینی میڈیا کو انٹرویو میں کہا ہے کہ چین نے 700 ملین لوگوں کو غربت سے نکال کر پوری دنیا کے لئے مثال قائم کیا ہے۔

ہفتہ کو  چینی میڈیا کو انٹرویو میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا  کہ  چین کے حوالے سے سب سے متاثر کن چیز جسے اب ساری دنیا تسلیم کرتی ہے وہ چین کا گزشتہ 35-40 سال کے دوران 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالنا ہے،انسانی تاریخ میں اس سے قبل ایسا کبھی ہوا نہیں یہی چیز ساری دنیا کو چین کے حوالے سے سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے،چاہے ان کے چین کے ساتھ اچھے تعلقات ہوں یا وہ دوسری جانب ہوں یعنی چین کی مخالفت کرتے ہوںتاہم سب کو یہ تسلیم کرنا پڑتا ہے کہ انسانی تاریخ میں اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا۔

 انہوں نے کہا کہ جو چیز مجھے چین کے متعلق سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے وہ یہی حقیقت ہے،کیونکہ میرا بھی بنیادی مقصد یہی ہے کہ پاکستان میں کسی طریقے سے لوگوں کو غربت سے باہر نکالنا ہے،آپ جانتے ہیں کہ جب میں چین گیا تو میں خاص طور پران اقدامات کے بارے میں جاننا چاہتا تھا جو غربت کے خاتمے کیلئے وہاں اٹھائے گئے،یہی وجہ ہے کہ میں سمجھتا ہوں کہ چین کےترقیاتی ماڈل  کی ہم یہاں پاکستان میں تقلید کرنا چاہتے ہیں کیونکہ اس ماڈل کے ذریعے چین نے سبھی کو بڑھوتری میں حصہ دار بنایاجب چین میں بڑھوتری ہوئی تو چین  کے ساتھ ساری آبادی نے ترقی کی،یہ ویسا نہیں تھا جو بدقسمتی ہے جیسا کہ باقی دنیا میں امیر امیر تر ہوتے جاتے ہیں اور غریب غریب تر،امیر اور غریب کے مابین خلاء بڑھتا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت ہم نے عالمی وباء کے دوران دیکھا کہ غریب لوگ غریب تر ہوئے جب کہ امیر ترین لوگ مزید امیر ہوگئے، چین ان تمام ممالک کیلئے ایک ماڈل ہے جو تمام لوگوں کی ترقی چاہتے ہیں ۔

سورس:وی این ایس، اسلام آباد