ملتان، 11 جنوری(اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفئیر پنجاب مدثر ریاض ملک نے ملتان کا دورہ کیا۔وہ دیوار احساس،دارالامان اور وومن سینٹر گئے اورسوشل ویلفئیر افسران کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔مدثر ریاض ملک نے کہا کہ ملتانی بلیو پوٹری کے فن کو تحفظ دینے کیلئے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت احساس راشن پروگرام کے ذریعے براہ راست ریلیف فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا خانیوال سمیت دیگر اضلاع میں نئے صنعت زار بنائے جارہے ہیں ، خواتین کو ہنرمند بنانے کیلئے صنعت زار سمیت سوشل ویلفئیر کے ادارے فعال کرینگے ۔
مدثر ریاض ملک نے کہا ڈیجیٹل مارکیٹ کے ذریعے مصنوعات کو دنیا بھر میں فروخت کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نشہ کے عادی افراد کی بحالی کیلئے سینٹرز قائم کرینگے اور تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے خصوصی مہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید طرز پر ڈریس ڈیزائننگ،کوکنگ اور بیوٹیشن کلاسز جاری ہیں اور محکمہ سوشل ویلفئیر کی مصنوعات کو عام مارکیٹ تک مؤثر رسائی دینگے۔
ڈی جی سوشل ویلفئیر نے کہا کہ نشیمن کے نام پر معذور افراد کیلئے ادارہ قائم کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2 سال میں 9 لاکھ لوگ پناہ گاہوں میں رہائش پذیر رہے ہیں، صوبے کی پہلی سرکاری پناگاہ نشتر ہسپتال میں بننے جارہی ہے۔انہوں نے کہا خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے چھوٹے قرضوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے ، پنجاب حکومت حساس راشن پروگرام کے تحت 40 ارب کی سبسڈی دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر خاندان کو 1 ہزار ماہانہ سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔











