ڈاکٹر شرون ہانوک کی پرنسپل ایڈورڈز کالج پشاور تعیناتی کی منظوری

31

پشاور،4 جنوری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان کی زیرصدارت ایڈورڈز کالج پشاورکے مستقل پرنسپل تعیناتی سے متعلق بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منگل کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں منعقد ہوا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ڈائیوسز لاہور کیجانب سے ایڈورڈز کالج کے پرنسپل کی تعیناتی کیلئے 5 امیدواروں پر مشتمل پینل بورڈ آف گورنرز اجلاس کو بھجوایاگیاتھا جن کے بورڈ آف گورنرز اجلاس میں انٹرویوکے بعد کسی ایک امیدوار کانام فائنل کرناتھا۔ ڈائیوسز لاہورکی جانب سے بھجوائے گئے پینل میں شامل 5 امیدواروں میں سے صرف3 امیدوارڈاکٹرشرون ہانوک،ڈاکٹر فرزندمسیح اور عبید سیمن بورڈ آف گورنرز اجلاس میں انٹرویو کیلئے پیش ہوئے۔انٹرویو کیلئے آنے والے3 امیدواروں میں سے2 امیدوار زائدالعمر اور PhD ڈگری نہ ہونے کے باعث طے شدہ اہلیت و تجربہ پر پورے نہیں اترے جبکہ ایک امیدوار ڈاکٹر شرون ہانوک طے شدہ اہلیت و تجربہ پر پورا اترے۔معاملہ کو مزید التوا دینے کے بجائے بورڈ آف گورنرز اجلاس نے متفقہ طور پر اہلیت و تجربہ پر پورا اترنے والے ڈاکٹر شرون ہانوک کی انٹرویو کے بعد متفقہ طور پر بطور پرنسپل ایڈورڈز کالج تعیناتی کی منظوری دے دی۔

اس موقع پرگورنرشاہ فرمان کاکہناتھاکہ ایڈورڈز کالج کے پرنسپل تعیناتی کے معاملہ میں ان کی ذات کو تنقید کا نشانہ بنایا گیااور پرنسپل تعیناتی میں غیر ضروری تاخیر پران پر الزامات لگائے گئے۔ انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق ڈائیوسز لاہور نے طے شدہ اہلیت و تجربہ کے مطابق 5 افراد پر مشتمل پینل بجھوانا تھالیکن بجھوائے گئے پینل میں سے 2 امیدواروں نے اپنی لاتعلقی کا اظہار اور رضا مندی ظاہر نہ کرتے ہوئے بورڈ آف گورنرز اجلاس میں انٹرویو کیلئے پیش ہی نہیں ہوئے جبکہ باقی 3 امیدوار جو انٹرویو کیلئے پیش ہوئے ہیں ان میں 2 طے شدہ اہلیت وتجربہ پر ہی پورا نہیں اترے، تاہم ڈائیوسز لاہور کیجانب سے ایک ہی موزوں امیدوار ملنے پر ایڈورڈز کالج کے پرنسپل تعیناتی کا مرحلہ مکمل کر دیاہے۔

گورنرشاہ فرمان نے کہاکہ شروع دن سے یہی موقف تھا کہ ایڈورڈز کالج کا پرنسپل مسیحی برادری سے ہی ہو گا،سنجیدہ کوششوں کے باوجود خواہ مخوا ان کی ذات کو نشانہ بنایا گیا۔ایڈورڈ کالج صوبہ کی ایک تاریخی تعلیمی درسگاہ ہے جس کی تاریخی علمی حیثیت کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

 اجلاس میں صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم کامران بنگش،سپیشل سیکرٹری اعلی تعلیم، کمشنر پشاور ریاض محسود، بشپ ہیمفرے سرفراز پیٹر سمیت دیگر بورڈ اراکین نے شرکت کی۔