لاہور 7 جنوری (اے پی پی): ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کی زیر صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ یہ جائزہ یکم دسمبر 2021 تا 31 دسمبر 2021 تک کی کارکردگی پر مشتمل تھا ناقص کارکردگی پر احسان خاور زیدی، عاصم شاہد اور ڈاکٹر فواد بدر کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیا گیا ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس خود فیلڈ میں نکلیں قیمتوں کا جائزہ لیں اور اوورچارجنگ پر جرمانے عائد کریں عوام الناس کی روزمرہ ضروریات آلو، ٹماٹر، پیاز، دالوں، آٹا اور چینی کی قیمتوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے کہا کہ ڈی سی آفس لاہور کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی سرپرائز وزٹس بھی کر رہی ہے جو اشیاء ضروریہ کی فروخت کا سرکاری نرخوں کے مطابق جائزہ لے رہی ہے۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کا کہنا تھا کہ حکومت بہت سختی سے گراں فروشی کے خلاف میدان عمل میں ہے۔











