کرپٹ لوگوں نے ملک کی لوٹی دولت باہر لے جا کر اپنی زندگی آسان اور قوم کی زندگی کو مشکل بنادیا، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا اپنی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

8

اسلام آباد ۔5جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ اپوزیشن دانشمندی کا مظاہرہ کرے ،ملک میں اگر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں  تو اپوزیشن کے لیے زیادہ مسائل پیدا ہوں گے ، حکومت نے کورونا وبا کے دوران  تاریخی کام کیے ہیں،ڈیمز کی تعمیر،صحت کارڈ ایسے منصوبے ہیں جن کی پوری طرح تشہیر نہیں ہو سکی ،معیشت کو دباو سے نکالنے کے لئے عمران خان کی جدوجہد جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بد ھ کو اسلام آباد میں اپنی تیسری کتاب ”لال حویلی سے اقوام متحدہ تک” کے انگریزی ایڈیشن کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔تقریب  میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری ، وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکورٹی فخر امام ، وفاقی وزیر انسداد منشیات بریگیڈیئر(ر) اعجاز شاہ،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر ،وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان ، مختلف ممالک کے سفراءو سنیئر صحافیوں سمیت دیگر شریک تھے ۔وفاقی وزیر داخلہ  نے کہاکہ کتاب ان لوگوں کے لئے لکھی  جنھوں نے اپنی سیاست کا کھوکھا خود لگایا ہواور انہیں سیاست ورثے میں نہ ملی ہو ، عمران خان کا شکرگزار ہوں کہ مجھے پندرہویں وزارت داخلہ کی دی جو میرے لئے اعزاز ہے ،میں لال حویلی کے باہر کتابیں بیچ کر مزدوری کرتا تھا ،میں نے جوانی کے سات سال قید میں گزارے،جب سیاست شروع کی تو کچھ بھی نہیں تھا، پرویز مشرف جن دو چینلز کو لائسنس نہیں دینا چاہتے تھے ان کو منایا اور لائسنس دلوائے ، ہم سیلف میڈ لوگ ہیں،میری ہر سانس کشمیریوں کی سانس کے ساتھ ہے ،میں وہ پاکستانی ہوں جو سمجھتے ہیں ملک کا نقشہ اس وقت تک مکمل نہیں ہوگا جب تک کشمیر آزادی کے بعد اس میں شامل نہ ہو ۔  انہوں نے کہا کہ  پبلشر سے گذارش ہے کہ میری چوتھی کتاب میرے مرنے کے پانچ سال بعد شائع کی جائے ، میں ایک سچ لکھ کر مرنا چاہتا ہوں ،یقین دلاتا ہوں کہ عمران خان کے ساتھ آئے ہیں اور ساتھ جائیں گے ،اپوزیشن کا ہر صورت ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہماری سیاست میں ہزاروں افراد موجود ہیں اور کسی بھی شخص کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ منفرد ہوگا مشکل ہوتا ہے تاہم یہ بات شیخ رشید کے بارے میں کہی جاسکتی ہے ۔