پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس میں 35کروڑ کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ، اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

25

اسلام آباد۔5جنوری  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے بدھ کو پی ٹی وی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس میں 35کروڑ کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ، اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں سکروٹنی کمیٹی نے رپورٹ فریقین کے حوالے کی،اس رپورٹ پر وہ لوگ بات کررہے ہیں جن کے اپنے پارٹی اکائونٹس کا پتہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے اکائونٹس میں 35کروڑ کا کوئی ریکارڈ ہی نہیں ہے، پیپلز پارٹی نے2013 میں 9 اکاونٹس، 2014 میں 11اکاونٹس اور 2015 میں 10اکاونٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔ن لیگ نے 9اکائونٹس کو الیکشن کمیشن سے چھپایا، ان کے اکاونٹس کے اندر 62کروڑ کی رقم آتی ہے،ان میں سے 45کروڑ کے عطیات کا ریکارڈ ہی نہیں ہے۔جب ان سے استفسار کیاگیا تو کہتے ہیں کہ میاں صاحب کو چلتے چلتے کسی نے پانچ کروڑ دیئے،گوجرانوالہ کے ایک شخص نے ایک کروڑ دیا جو کہ اللہ کو پیارا ہوگیا۔