گورنر خیبرپختونخوا کی  قومی احتساب بیورو پشاور آفس آمد،نیب کا بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اور عزم قابل تعریف ہے، شاہ فرمان

79

پشاور، 18جنوری(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخواشاہ فرمان نے کہا ہے کہ نیب کا بدعنوانی کیخلاف زیرو ٹالرنس

پالیسی اور عزم قابل تعریف ہے اور موجودہ حالات میں نیب کی کرپشن کیخلاف کارکردگی قابل ستائش ہے۔ان خیالات کا اظہار گورنر شاہ فرمان نے قومی احتساب بیورو پشاور آفس کے دورے کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔

گورنر شاہ فرمان کو ڈی جی نیب بریگیڈیئر ناصر فاروق اعوان کیجانب سے نیب پشاور کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ نیب پشاور نے مختلف مقدمات میں 15 ارب روپے ریکورکئے، اور ساتھ ہی 1940 انکوائریز مکمل  کیں جبکہ 371 ریفرنسز بھی مکمل کئے گئے۔
بریفنگ کے دوران اپنے خطاب میں گورنر نے کہا کہ اسلامی معاشرہ ہونیکے باوجود کرپشن کا ہونا لمحہ فکریہ ہے کیونکہ ہمارے مذہب و معاشرہ میں کرپشن کی بالکل گنجائش نہیں ہے، اسلئےعوام میں کرپشن کیخلاف آگاہی پیدا کرنے اور لوگوں کا مائینڈ سیٹ تبدیل کرنا انتہائی ضروری ہے۔
گورنر نے نیب پشاور کیجانب سے مختلف انکوائریز میں ضبط شدہ پراپرٹیز کے 1 ارب 11 کروڑ مالیت کے چیک بھی متعلقہ اداروں کے حوالے کئے اور نیب پشاور میں بہترین کارکردگی دکھانے والے آفیسرز اور آفیشلز میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کیں۔
آخر میں گورنر شاہ فرمان نے ڈی جی نیب اور نیب پشاور کے ملازمین کے ساتھ کرپشن کیخلاف آگاہی واک میں بھِی شرکت کی۔