ملتان، 22 فروری (اے پی پی ): آئی جی پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے ملتان کا دورہ کیا، آر پی او آفس آمد پر ایڈیشنل آئی جی کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان اور آر پی او جاوید اکبر ریاض نے انکا استقبال کیا اور ملتان پولیس کے چاق وچوبند دستے نے آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان کو سلامی بھی پیش کی ۔آئی جی پنجاب راؤ سردار علی نے آر پی او آفس کے لان میں ایروکیریا کا پودا لگایا ۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ظفر اقبال اعوان کی زیر صدارت جنوبی پنجاب کے افسران کا اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں جنوبی پنجاب امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آر پی او جاوید اکبر ریاض نے بریفنگ دی ۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیر برداشت نہیں، کرائم کی فری رجسٹریشن یقینی بنائیں اور منظم جرائم کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی اور والدین کے تعاون سے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ پر خصوصی مہم چلائی جائے۔
راؤ سردار علی خان نے کہا کہ منشیات کے خلاف تعلیمی اداروں کے ساتھ مل کر خصوصی مہم چلائی جائے جبکہ اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم کی روک تھام پر زیروٹالرنس پالیسی اپنائیں۔
ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب نے کہا افسران اوپن ڈور پالیسی کے تحت کھلی کچہری کا باقاعدگی سے انعقاد کریں ۔انہوں نے اغواء برائے تاوان میں بچوں کی بروقت بازیابی پر ملتان پولیس کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ سٹریٹ کرائم پر قابو پانے کے لیے آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے ، جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں رات کے اوقات میں پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا ہے۔
آئی جی پنجاب کو خانیوال میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعہ کی تفتیش میں پیش رفت پر بریفنگ دی گئ۔ی اے آئی جی ڈسپلن عمران شوکت نے جنوبی پنجاب پولیس آفس بارے بریفنگ دی۔
سی پی او ملتان، وہاڑی ،لودھراں اور خانیوال کے ڈی پی اوز بھی اجلاس میں شریک ہوئے اجلاس میں ایس پی یو،سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور ٹریننگ سکول افسران نے شرکت کی۔











