رینالہ خورد15،فروری(اےپی پی):اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ٹیچر ایجوکیشن نے ‘آرٹ کے ذریعے امن کے فروغ’ پہ ایک نمائش کا انعقاد کیا جس میں طلباء نے پاکستانی معاشرے کے مثبت پہلووں کو اجاگرکرنے کےلیے مختلف ماڈلز اور تصاویر پیش کیں۔یہ نمائش فیکلٹی آف ایجوکیشن کی سینئر لیکچرار نورین طاہرہ کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔
شعبہ ٹیچر ایجوکیشن کے سربراہ، ڈاکٹر خالد سلیم، شعبہ ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ اسیسمنٹ کے سربراہ، ڈاکٹر طاہر خان فاروقی، شعبہ ایجوکیشن پلاننگ اینڈ مینجمنٹ کے سربراہ، ڈاکٹر شہزاد احمد، شعبہ ایجوکیشنل اسٹڈیز کے سربراہ، ڈاکٹر سید عبدالوحید اورشعبہ اسپیشل ایجوکیشن کی سربراہ، ڈاکٹر نادیہ گیلانی، نے نمائش میں لگائے جانے والے اسٹالز کا دورہ کیا اور طلباء کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد سلیم نے بتایا کہ ہم اپنے طلباء کو اس چیز کےلیے تیار کر رہے ہیں کہ جب وہ یہاں سے بی ایڈ کی ڈگریاں لے کر اسکلولز اور کالجز میں تدریس کےلیے جائیں تو وہ وہاں پہ امن کے فروغ کے سفیر بن سکیں۔
ڈاکٹر فارقی کا کہنا تھا کہ آرٹ زندگی کا ایک اہم حصہ ہے اور آج کی نمائش ہمارے طلباء کی حس جمالیات اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی عکاسی کر رہی ہے۔