اٹک،28 فروری(اے پی پی): صدر مرکزی انجمن تاجران اٹک شیخ جاوید اقبال کاتاجر رابطہ مہم کے دوران پر تپاک استقبال، تاجروں کی جانب سے بھرپور اعتماد کی یقین دہانی کرائی گئی۔ مرکزی انجمن تاجران اٹک کے عہدے داران نے اٹک شہر کے تاجروں سے ڈور ٹو ڈور رابطہ کے دوران ان کے مسائل دریافت کیے۔ دورے کے بعد کوئٹہ نجیب ہوٹل پر تیمور شاہ کی جانب سے مرکزی انجمن تاجران کے عہدے داران کے اعزاز میں پر تکلف عصرانہ دیا گیا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین کاشف الیاس، نائب صدر حاجی فاضل، جوائنٹ سیکرٹری غلام اسحاق خان، فنانس سیکرٹری محمد سعید پراچہ،سیکرٹری اطلاعات تیمور شاہ، ریحان احمد، توقیر احمد، سعید احمد گکھڑ، سردار عبدالقیوم خان، حکیم عاصم حسین(داؤد دوا خانہ)، صلاح الدین، غفار خان(کوئٹہ النجیب ہوٹل) سمیت تاجر برادری کی قیادت بھی موجود تھی۔
عہدے داران نے سلیمان مال سے دکانداروں سے رابطہ مہم کا آغاز کیا، پلیڈر لائن،زمان سنز، سبزی منڈی، سہولت بازار، فوارہ چوک، مینا بازار، مدنی چوک، سول بازار سے ہوتے ہوئے ستار چوک تک تمام دکانداروں سے ان کی دکانوں پر جا کر ملاقات کی۔ راستے میں متعدد مقامات پر دکانداروں نے نو منتخب صدرشیخ جاوید اقبال اور دیگر عہدے داران کا پر تپاک استقبال کیا۔
صدر مرکزی انجمن تاجران شیخ جاوید اقبال اور عہدے داران کو پھولوں کی مالائیں پہنائی گئیں اور ان پر زبردست گلپاشی کی گئی۔ دکان داروں نے توقع ظاہر کی کہ مرکزی انجمن تاجران کی نو منتخب قیادت تاجروں کے مسائل کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے عہدے داران کی جانب سے ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی قیادت اسی طرح تاجروں سے رابطے میں رہی تو ان کو درپیش مسائل کا حل ممکن ہو گا۔
صدر مرکزی انجمن تاجران شیخ جاوید اقبال نے تاجروں کو یقین دلایا کہ انتظامیہ سے رابطہ کر کے تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ پرائس لسٹ کے حوالے سے ضلعی حکومت سے مؤثر رابطے رکھے گئے اور انہیں تاجروں کی مشکلات سے آگاہ کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ اس مرتبہ ضلعی حکومت کی جانب سے ہمارے مسائل پر ہمدردانہ غور کیا گیااور پرائس لسٹ مرتب کرتے ہوئے زمینی حقائق کو مدِ نظر رکھا اور تاجروں کے لیے قابلِ قبول پرائس لسٹ مرتب کی۔
شیخ جاوید اقبال نے کہا کہ مؤثر رابطوں کے ذریعے تاجروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے بھرپور جدو جہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے بنیادی مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے لیے تاجروں کی باہمی مشاورت سے جدو جہد کو تیز تر کیا جائے گا۔ انہوں نے صدر منتخب ہونے اور تاجروں کی جانب سے بھرپور پذیرائی پر ان کاتہہِ دل سے شکریہ ادا کیا۔











