اٹک اور میاں والی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کرکے جلد عوام کیلئے کھول دیں گے؛ ڈاکٹر یاسمین راشد

19

لاہور،22 فروری  (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے  کہ اٹک اور میاں والی میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتالوں کا افتتاح کرکے جلد عوام کیلئے کھول دیں گے۔

ان خیالات کا  اظہار  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے    انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کے  اجلاس کی  صدارت کرتے  ہوئے  کیا۔ اجلاس کے دوران اٹک اور میاں والی میں زیر تعمیر مدراینڈچائلڈ ہسپتالوں پرجاری پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔سیکرٹری محکمہ پی اینڈڈی مجاہد شیردل نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو اجلاس کے دوران اٹک اور میاں والی میں 200 بستروں پر مشتمل زیرتعمیر مدراینڈچائلڈ ہسپتالوں پر جاری پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے جاری تمام منصوبوں پرجاری پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیاجارہاہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کریں گے،اٹک اور میاں والی میں 200 بستروں پر مشتمل مدراینڈچائلڈ ہسپتالوں میں ماں اور بچہ کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں کبھی بھی صحت کے شعبہ میں اتنے بڑے منصوبے شروع نہیں کئے گئے۔ پنجاب میں نئے سرکاری ہسپتالوں کی تعمیر کے بعد ہزاروں مریضوں کو صحت کی شاندارسہولیات فراہم ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں صحت کے تمام منصوبوں کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی پنجاب سردارعثمان بزدار صوبہ کی عوام کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ پنجاب کی آبادی کے لحاظ سے نئے سرکاری ہسپتالوں کا قیام دورحاضر کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو صحت کی بہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے لاہورکے موجودہ سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں کی توسیع کی جارہی ہے،رواں سال پنجاب میں چار نئے سرکاری ہسپتالوں کو مکمل فعال کردیاجائے گا۔