راولپنڈی۔14فروری (اے پی پی):ایران کے وزیر داخلہ احمد واحدی نے ایک وفد کے ہمراہ پیر کو جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران جیو اسٹریٹجک ماحول بالخصوص علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں ایران بارڈر سکیورٹی میکنزم بشمول بارڈر مارکیٹس پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے۔ پاک-ایران سرحد کو امن اور دوستی کی سرحد قرار دیتے ہوئے آرمی چیف نے پاک-ایران سرحد کے ساتھ شرپسندوں کی طرف سے کسی بھی کارروائی کو روکنے کے لیے اجتماعی کوششیں کرنے کی ضرورت کو اجاگر کیا۔ ایرانی وزیر داخلہ نے افغانستان میں استحکام کو اجتماعی علاقائی ذمہ داری کے طور پر تسلیم کرتے ہوئے امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں خاص طور پر افغانستان کے لوگوں کو درپیش مشکلات کو کم کرنے کے لیے انسانی امداد کی فراہمی کو سراہا۔











