ایس آئی یو ٹی میں پہلے روبوٹک سرجری اینڈ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح

51

کراچی۔12فروری  (اے پی پی):وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایس آئی یو ٹی میں پہلے روبوٹک سرجری اینڈ ٹریننگ سینٹر کا افتتاح کردیاہے،جراحی کی شعبے میں روبوٹک سرجری ایک انقلابی اقدام ہے،روبوٹ کے ذریعے انسان کے جسم کے ان باریک اعضا کی سرجری بھی کرسکتے ہیں جہاں سرجن کے ہاتھ نہیں پہنچ سکتے،لیکن اس مصنوعی انٹیلیجنس کو چلانے کیلئے بہترین سرجن کا ہونا لازمی ہے۔ترجمان وزیراعلی سندھ کے ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ نے ڈاکٹر ادیب رضوی اور ان کی ٹیم کو روبوٹک سسٹم لگانے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ایس آئی یو ٹی میں روبوٹک سرجری کے ذریعے یورولاجی کے ساتھ دیگر سرجریز بھی ہوسکیں گی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ حکومت سندھ نے پہلی مرتبہ 2017میں ایس آئی یو ٹی اور سول اسپتال میں روبوٹ سرجری کا سسٹم خریدا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس روبوٹک سرجری کا نام دنیا کے مشہور مصور دی ونچی (Da Vinchi) سے منسوب ہے،دی ونچی کے ہاتھ نفاست کے ساتھ رنگوں سے کھیلتے تھے۔وزیراعلیٰ سندھ نے ایس آئی یو ٹی کو ہدایت کی کہ روبوٹک سرجیکل ٹریننگ سینٹر قائم کریں تاکہ اس سینٹر سے نئے سرجن صوبے سمیت ملک بھر میں جدید سرجری سے کام کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ روبوٹک سرجری سے انسانی جسم میں درد کم ہوتا ہے، خون کم ضا ئع ہوتا ہے اور انفیکشن کے امکانات بھی کم ہوتے ہیں اور روبوٹ سرجری جلدی ہوتی ہے اور مریض جلد صحتیاب ہوتا ہے۔