بہاولنگر؛ ڈپٹی کمشنر نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا آغاز کردیا

3

بہاولنگر، 25فروری ( اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرکیپٹن ( ر)محمد وسیم  نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال بہاولنگر میں پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر پولیو مہم کا آغاز کردیا ۔ اس موقع پر محکمہ صحت اور دیگر محکموں کےافسران نے بھی  بچوں کو پولیو کی حفاظتی ویکسین پلائی۔

 واضح رہے کہ 28 فروری   سے 2 مارچ   کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو ٹیمیں گھر گھر جاکر پولو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی  جبکہ کیچ اپ ایکٹویٹی  3 فروری  سے 4 فروری تک کی جائے گی۔ ضلع بھر میں   پانچ سال تک کی عمر کے(527590)  پانچ لاکھ بیس ہزار ایک سو اسی بچوں کو انسداد پولیو مہم کے دوران  حفاظتی ویکسین دی جائے گی۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر ضلع بھر میں 2035ٹیمیں  فرائض سرانجام دے رہی ہیں۔ جن میں  126فکس ،  1828موبائل اور 81ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ کورونا سے بچاو کے لیے ٹیموں کوفیس ماسک، سینی ٹائزرز مہیا کیے گئے ہیں۔

 بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں صحت کارڈکاؤنٹر کا  معائنہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔