بہاولنگر، 25 فروری ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے ویژن اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب راؤ سردار علی خاں صاحب کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسربہاولنگر محمد ظفر بزدارنے ایس ڈی پی اوسرکل منچن آباد محمد سلیم لاشاری کے ہمراہ تھانہ گھمنڈپورمیں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈی پی او بہاولنگر نے کھلی کچہری میں موجود تما م شہریوں کی درخواستوں کا بطور تفصیلی جائزہ لیا اوران کی شکایات سنتے ہوئے کچھ مسائل موقع پر ہی حل کردیئے جب کہ پچیدہ معاملات کے حل کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری میں آئے سائلین اور شہریوں کے مسائل خود سنتا ہوں اور ان کے ازالہ تک متعلقہ افسران سے میرامسلسل رابطہ رہتا ہے۔کھلی کچہر ی کے ا نعقاد کا مقصد شہریوں کو دہلیز پر انصاف کی فراہمی پولیس اور عوام کے درمیان خلیج کو دور کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے آفس کے دروازے تمام شہریوں کے لیے ہمہ وقت کھلے ہیں اوراوپن ڈور پالیسی کے تحت سرکل ہائے میں جاکر کھلی کچہری لگانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈی پی او نے احکامات جاری کیے کہ میرٹ پر تفتیش یقینی بنا کر جلد از جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ ان کا مزید کہناتھاکہ شہریوں کے مسائل اور شکایات کے حل اور عوام الناس کو بلا رکاوٹ فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ضلع کے تمام سرکلز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے، جہاں پر ان کی داد رسی کیلئے فوری احکامات جاری کیے جا رہے ہیں۔











