تاجروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے؛ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک

57

سکھر،01فروری(اے پی پی) ایس ایس پی سنگھار ملک نے کہا ہے کہ تاجروں اور شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا پولیس کے اولین فرائض میں شامل ہے، جرائم پیشہ عناصر کا قلع قمع کرنے کیلئے پلان ترتیب دیا گیا ہے،جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، شہر کے اہم تجارتی مراکز، رہائشی علاقوں ، چوراہوں، شاہراہوں پر پولیس گشت میں اضافہ کر کے جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ ضلع سکھر کو امن کا گہوارہ بنا کر مثالی ضلع بنایا جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سکھر اسمال ٹریڈرز کے صدر حاجی محمد جاوید میمن کی قیادت میں ملنے والے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حاجی محمد جاوید میمن و دیگر تاجر رہنماوں نے ایس ایس پی سنگھار ملک کو تعینات ہونے پر مبارکباد دی اور شہر میں امن و امان کے قیام ، ٹریفک جام کے مسائل کے حل سمیت مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

 ایس ایس پی سکھر سنگھار ملک کا کہنا تھا کہ تاجر برادری کا ملکی ترقی، خوشحالی میں سب سے اہم کردارہے، شہر میں مستقل قیام امن اور ٹریفک جام کے مسئلے کے حل کیلئے جلد شہر کے تجارتی مارکیٹوں کا دورہ کرکے تاجر رہنماوں سے ملاقاتیں کر کے پلان تشکیل دینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کو جرائم پیشہ عناصروں کے خاتمے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، کوئی بھی جرائم پیشہ عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ تاجروں اور شہریوں کی مشاورت اور تعاون سے ہی ضلع سکھر کو امن و امان کا گہوارہ بناکر ایک مثالی ضلع بنائیں گے۔

وفد میں حاجی محمد جاوید میمن ، محمد رضوان قادری، ڈاکٹر سعید اعوان و دیگر شامل تھے۔