ووٹ دینا ہر شھری کا بنیادی حق اور قومی فریضہ ہے، ریجنل الیکشن کمشنر مسعود احمد قریشی

19

میرپورخاص،01 فروری (اے پی پی):  ریجنل الیکشن کمشنر مسعود احمد قریشی اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر میرپورخاص روشن علی مستوئی نے کہا ہے کہ ووٹ دینا ہر شہری کا بنیادی حق اور قومی فریضہ ہے، ووٹ کے صحیح  استعمال سے ہی آپ ان امیدواروں کو منتخب کر سکتے ہیں جو آپ کے شہر اور شہریوں کے بنیادی مسائل سے بہ خوبی واقف ہوں اور ان کے دل میں آپ کے مسائل حل کرنے کا جذبہ ہو۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیاتی اور عام  انتخابات  کے حوالے سے نوجوان نسل کو  بطور ووٹر اندراج، اس کی اہمیت اور الیکشن  کے دن اپنا حق رائے دہی  استعمال کرنے کے متعلق گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری  اسکول سیٹلا ئیٹ ٹائون  میں منعقد  سیمینار  سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

 اس موقع پر  ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمینٹری، سیکنڈری ہائیر سیکنڈری چمن لال، پرنسپل گورنمینٹ  کمپریھینسو ہائیر سیکنڈری اسکول جمیل قریشی اور  پروفیسر  نیب راج  ، پرنسپل گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول سیٹ لائیٹ ٹائون و دیگر شرکاء نے خطاب  کرتے ہوئے  کہا کہ نوجوان اس ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، ہمارے ملک کی  آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان کو اس  ملک کے جمہوری نظام کی بقاء کیلئے ووٹ کے استعمال میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنہ چاہیئے اس کی اہمیت  اپنے محلے گائوں تک پہنچائیں تاکہ ہر فرد  اپنا حق رائے دہی  سوچ سمجھ کر استعمال کریں تاکہ ایماندار، مخلص اور حقیقی نمائندے منتخب ہو سکیں جو  آپ کے علاقے کے بنیادی مسائل حل  کراسکیں آپ کے علاقے کے مسائل حل  ہوں گے تو آپ کا شہر بھی ترقی کرے گا۔

 مقررین نے کہا  کے آپ کا  ووٹ بہت قیمتی ہے،  ووٹ کے ذریعے اپنی قیادت منتخب کر سکتے ہیں جو آپ سے اور ملک سے مخلص ہو۔

 اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی  طلبہ کو ووٹ کے اندراج کی اہمیت اور انتخابات کے دن اپنے ووٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے پر زور دیا۔  مقررین نے الیکشن کمیشن پاکستان  کے اس پروگرام کو سراہا۔ شرکاء اور تمام طلبہ نے آگاہی مہم کوکامیاب کرنے اور لوگوں تک پیغام رسائی میں اپنا  بھر پور کردار ادا کرنے  کی یقین دہانی کرائی۔