کوئٹہ09 فروری(اے پی پی )محکمہ قانون بلوچستان نے نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی ، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی ہے کہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے نئے قوانین اور طریقہ اجراء سے متعلق عوام میں شعوری آگاہی کے لئے مربوط اقدامات کو یقینی بنایا جائے پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کی زیر صدارت کوڈیفکیشن سیکشن کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر کوڈیفکیشن مزمل حسین اور ڈپٹی ڈائریکٹر حفیظ اللہ نے سیکشن کی مجموعی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی، اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ قانون و پارلیمانی امور کی ڈیجیٹل لائبریری کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا بلوچستان میں رائج تمام قوانین، سروسز رولز، جنرل رولز، ایکٹس اور نوٹیفکیشن سمیت جملہ قدیمی اور وقتا فوقتا منظور کردہ قوانین کو ویب سائٹ پر فوری طور اپ لوڈ کیا جاتا ہے جبکہ 1812ء سے لیکر 2021 تک کے تمام قوانین تحریری شکل میں چھاپے جاررہے ہیں بلوچستان میں 1988 کے بعد 1990 اور بعد میں 1994 میں قوانین و لیگل ضابطہ کار و احکامات چھاپے گئے 27 سال کے ایک طویل عرصے تک قوانین کی طباعت کا کام نہیں ہوا , پارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کوڈیفکیشن سیکشن کی کارکردگی پر اطمیان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوانین سے آگاہی اور اس کی عوام کی رسائی کے لئے محکمہ قانون کے اقدامات تسلی بخش ہیں محکمہ قانون بلوچستان کی جانب سے دور جدید میں ایک بٹن کی دوری پر تمام قوانین تک عوام کی رسائی ممکن بنائی گئی ہے انہوں نے کہا کہ قوانین پر مشتمل والیم4 اور 5 کا اجراء یقینا ایک محنت طلب کام ہے ہارڈ کاپی کے علاوہ سوفٹ میں ریکارڈ کی دستیابی کے لئے بلوچستان لاء ڈیجیٹل لائبریری جلد فعال ہوجائیگی جس کے بعد پنجاب لاء لائبریری پر انحصار ختم ہوگا اور قانونی معاملات پر آسانیاں پیدا ہونگی ، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ جانشینی سرٹیفکیٹ کے نئے قوانین اور اجراء سے متعلق نادرا، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ اطلاعات کو باہمی اقدامات کو مربوط بناتے ہوئے عوام میں شعوری آگاہی پیدا کرنی ہوگی تاکہ لوگوں کو جانشینی سرٹیفکیٹ اور لیٹرز آف ایڈمنسٹریشن کے اجراء سے متعلق نئے قوانین اور طریقہ کار کا پتہ چل سکےپارلیمانی سیکرٹری قانون و پارلیمانی امور ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی کوڈیفکیشن سیکشن کو ہدایت کی ممکنہ طور پر مفاد عامہ سے متعلق ضروری قوانین کو اردو میں ترجمہ کرکے لاء لائبریری کا حصہ بنایا جائے۔











