جرمن بی ایم زیڈ  وفد کی ون ونڈو احساس آپریشنز کی تعریف

44

اسلام آباد۔17فروری  (اے پی پی):وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون و ترقی جرمنی بی ایم زیڈ  کے ایک اعلیٰ سطحی جرمن وفد نے اسلام آباد میں احساس کے ون ونڈو سینٹر کو بے حد سراہا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وفد کو کثیر الشعبہ جاتی احساس پروگرام کے ون ونڈو آپریشنز پر بریفنگ دی۔ اس دورے کا مقصد احساس کے ساتھ تعاون کے مشترکہ مواقع کو فروغ دینا تھا۔مسٹر جوچن فلاسبارتھ، اسٹیٹ سیکریٹری بی ایم زیڈ، مسٹر ہیلمٹ فشر، ہیڈ آف ڈویژن، بی ایم زیڈ؛ پاکستان میں جرمنی کے سفیر مسٹر برنارڈ شلاگیک اور مسٹر Thorsten Schäfer-Gümbel، Deutsche Gesellschaft Fuer International Zusammenarbeit GmbH (GIZ) کے بورڈ ممبر، وفد کا حصہ تھے۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہاکہ  ہمارا مقصد شہریوں کو ون ونڈو احساس کے انٹرفیس پر ون ونڈو کے ذریعے خدمات فراہم کرنا تھا اور اسی لیے، ہم نے ون ونڈو احساس بنایا۔ ون ونڈو سینٹرز کو ملک بھر میں وسعت دی جارہی ہے۔وفد کے ارکان نے ون ونڈو احساس آپریشنز میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے وہاں مستحقین کو  خدمات کی فراہمی اور لوگوں کو سہولیات حاصل کرتے ہوئے دیکھا۔ وہ یہ دیکھ کر متاثر ہوئے کہ کس طرح سینٹر لوگوں کو ایک ہی چھت کے نیچے احساس کی بے شمار خدمات تک رسائی میں مدد فراہم کر رہا ہے۔جرمن مندوبین نے ون ونڈو احساس کے ذریعے ایک سے زیادہ احساس پروگراموں کے آسان، مربوط اور اصول پر مبنی عمل کو سراہا۔ انہوں نے احساس کو ایک ہی چھت کے نیچے احساس کے تمام فوائد کے قابل ستائش انضمام پر مبارکباد دی۔ڈاکٹر ثانیہ نشتر کے ہمراہ سیکرٹری عصمت طاہرہ، ایڈیشنل سیکرٹری سید معظم اور ڈائریکٹر جنرل نوید اکبر بھی دورے میں شامل ہوئے۔ون ونڈو احساس چھ ستونوں پر مشتمل ہے: پہلا احساس مرکز ہے، جب کہ دیگر میں بیک آفس ڈیجیٹل انٹرفیس، ایک ڈیجیٹل معلومات اور خدمات کا پلیٹ فارم، ایک موبائل ایپ، مربوط ڈیٹا بیس اور احساس ون ونڈو سے فائدہ اٹھانے والوں کے انتخاب اور ہدف کی پالیسی شامل ہیں۔ وفاقی وزارت برائے اقتصادی تعاون اور ترقی، BMZ، وفاقی جمہوریہ جرمنی کی کابینہ کی سطح کی وزارت ہے۔ پاکستان اور جرمنی 1961 سے ترقیاتی تعاون میں مصروف ہیں، اسی سال BMZ کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ اس وقت پاکستان کے ساتھ جرمنی کا ترقیاتی تعاون تین ترجیحی شعبوں ’’ گورننس، توانائی اور پائیدار اقتصادی ترقی‘‘ پر مرکوز ہے۔