حیدرآباد؛ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اورکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لمس جامشورو میں تقریب کا انعقاد

41

حیدرآباد،05 فروری (اے پی پی): مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اورکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لطیف ہال لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنس (لمس) جامشورو میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ طلبہ ء طالبات نے قومی ترانہ اور کشمیر کے حق میں تقریریں کیں۔

اس موقع پر وائس چانسلر لمس پروفیسر اکرام دین اجن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ ان کے حقوق کے لیے ان کی دلیرانہ جدوجہد میں  ایک بار پھر ان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کو دہراتے ہیں۔ جموں و کشمیر کے پرامن لوگ مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔ ان سے نہ صرف آزادی کے حق سے انکار کیا جا رہا ہے بلکہ انہیں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور تشدد کا نشانہ بھی بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے جبر اور انسانی حقوق کے  خلاف آواز اٹھائی ہے، ہم عظم کرتے ہیں کہ مستقبل میں بھی  کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی جدوجہد میں پاکستانی عوام  مسلسل حمایت کرتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے جمہوری اور میڈیا  دور میں اس ظالمانہ نظر بندی کے ذریعے کشمیری عوام کو ان کے بنیادی حق سے محروم کرنا انتہائی افسوس ناک ہے، یوم یکجہتی کشمیر منا کر ہمیں کشمیریوں کی جدوجہد میں سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا عزم  کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بھارتی قبضے کے خلاف کشمیری عوام کی  جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے بھارتی حکومت عصمت دری، گولا باری اور اجتماعی تدفین کا استعمال کر رہی ہے پر طاقت کے جابرانہ استعمال اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر مظالم ڈھا رہا ہے۔ کشمیری اپنے پیدائشی حق خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں۔ کشمیر ایک انسانی مسئلہ ہے بلکہ خطے کا تنازع ہے اور بھارت کو اس حقیقت کو سمجھنا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کو فوری طور پر منسوخ کرنا چاہیے کیونکہ یہ کشمیری عوام کی مقامی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتے۔

 انہوں نےعالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کرتے ہوے کہا  کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔ انہوں نےسرحد پار کے لوگوں سے بھی مطالبہ کرتے کہا کہ وہ سوشل میڈیا کا استعمال کریں تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ مقبوضہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔

مقررین نے کشمیری عوام کو یقین دلاتے ہوے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے لیے اپنی حمایت کو کبھی ترک نہیں کریں گے۔ کشمیری عوام حوصلے کے ساتھ مظالم کا سامنا کر رہے ہیں تاہم بھارت انہیں ان کے بنیادی حق سے زیادہ دیر تک محروم نہیں رکھ سکتا۔

اس موقع پر رجسٹرار لمس ڈاکٹر حاجی محمد شیخ، ڈائریکٹر  اکیڈمک سمرین میمن، ڈائریکٹر سجن ہالیپوٹو نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔