اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے سویٹزر لینڈ کے سفیر بینیڈیکٹ ڈی سرجٹ نے بدھ کو انکے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور پیشہ ورانہ تعاون کے مختلف امور بھی زیربحث آئے۔ پاک فضائیہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں سویٹزر لینڈ کے سفیر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور پی اے ایف کی طرف سے گذشتہ سالوں میں بالخصوص خود انحصاری کے میدان میں ہونے والی غیر معمولی پیشرفت کو سراہا۔ ایئر چیف نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے دونوں فضائی افواج کے مابین موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔











