سکھر، 25 فروری(اے پی پی): آئی بی اے یونیورسٹی نے ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد کے تعاون سے “آل پاکستان انٹرورسٹی ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ کی میزبانی کی، چیمپین شپ میں پاکستان کی 13 یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب لاہور نے پہلی پوزیشن ، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے دوسری جبکہ یونیورسٹی آف لاہور نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس آئی بی اے سکھراسد حسین شیخ نے ٹورنامنٹ سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا اور کھلاڑیوں کو نقد انعامات کے ساتھ ان کی ٹرافیاں بھی دیں۔ ڈاکٹر شاہزمان خان ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ، فزیکل ایجوکیشن، اینڈ سپورٹس سائنسز نے وائس چانسلر، آنر کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر میر محمد شاہ اور رجسٹرار آنر، پروفیسر ڈاکٹر انجینئر، زاہد حسین کھنڈ نے اس تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے ہر قدم پر بھرپور تعاون کیا۔
ڈاکٹر شاہزمان خان نے سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے کامیاب جوان یوتھ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فیز 1 کی پیشرفت کے حوالے سے بھی وضاحت کی اور ڈاکٹر شائستہ سہیل ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور آنر انجینئر جاوید علی میمن، انچارج ڈائریکٹر اسپورٹس ڈویژن ہائر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب کی صدارت جاوید علی میمن نے بطور مہمان خصوصی کی۔ انہوں نے اس تقریب کو دیکھا اور سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کی انتظامیہ کی تعریف کی اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیں اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے آنے اور کھیلوں کے میدان میں اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے تعاون کریں۔انجینئر جاوید علی میمن نے منتظمین، ٹیکنیکل آفیشلز کو شیلڈز پیش کیں اور کھلاڑیوں کو کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو سرٹیفکیٹ بھی پیش کیے جن پر وزیراعظم پاکستان کے دستخط تھے۔